فوٹوگرافر یا کیمرہ مالک

فوٹوگرافر یا کیمرہ مالک 
تحریر محمد اظہر حفیظ
روشنی اور صبر اچھی تصویر کیلئے ایک برابر ضروری ھیں۔ میں نے کبھی بے صبرے انسان کو اچھا فوٹوگرافر نہیں دیکھا۔ اپنی آدھی سے زیادہ زندگی فوٹوگرافی کو دینے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا ھوں روشنی سے بھی زیادہ کئی دفعہ صبر کی ضرورت زیادہ محسوس ھوتی ھے جب کوئی گیلری والا یہ ارشاد فرماتا ھے کہ جناب تصویریں بکتی نہیں اس لیئے نمائش نہیں ھوسکتی ۔ تو اتنا دکھ نہیں ھوتا لیکن جب نمائش میں کھڑا ھو ایک شخص آپ کی تصویروں کو دنیا کی بہترین تصویریں قرار دینے کے بعد عرض کرتا ھے یہ تصویر تو کمال ھے اگر نہ بکی تو مجھے گفٹ کر دیجیئے گا تو پھر روشنی نہیں صبر ھی کام آتا ھے۔
نئے آنے والے فوٹوگرافر دوستوں سے درخواست ھے جب تک پہلا کیمرہ پیسے پورے نہ کر دے دوسرا نہیں خریدنا چاھیئے ۔ فوٹوگرافر اور کیمرہ مالک میں ایک واضح فرق ھے۔ فوٹوگرافر بہت کم ھیں لیکن کیمرہ مالکان کے کیا کہنے میرے کچھ دوست سارا دن نئے آنے واے کیمروں ان کے میگا پکسل کو پڑھتے ھیں پرانے کیمرے کو دوکاندار کے حوالے کرتے ھیں ادھار لیکر نیا کیمرہ بک کرواتے ھیں جیسے قیامت کے دن بخشش کا ذریعہ کیمروں کے ماڈل اور لینزز ھوں گے۔ اللہ ان سب کی مغفرت فرمائیں امین اور ان کے کیمرے قبول فرمائیں امین۔
جیلس ھونے کے بہت سے طریقے ھیں سب سے گھٹیا طریقہ اچھی تصویر دیکھ کر یہ پوچھنا کہ آپ کیمرہ اور لینز کونسا استعمال کرتے ھیں۔ حالانکہ کیمرہ کمپنی اس ماڈل کے لینز اور کیمرے ھزاروں کی تعداد میں بناتے ھیں پر تصاویر چند ھی سامنے آتی ھیں۔ بابائے فوٹوگرافی نے کیا خوب کہا تھا دنیا میں ھمیشہ اچھی تصاویر ڈسکس ھوتی ھیں انکی ٹیکنیک اور کیمرہ ڈسکس نہیں ھوتا۔
درخواست ھے اچھی تصاویر بنائیں ناکہ بحث۔
بہت اچھے دوست قابل احترام بھائی فوٹوگرافر عاطف سعید، کامران سلیم اور رضوان صدیق ایک عمدہ مثال ھیں جو ھمیشہ اپنے کام سے کام رکھتے ھیں اور پھر اپنے کام سے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتے ھیں۔ میں نے انکو کبھی کسی کی برائی کرتے یا کسی کے خلاف سازش کرتے نہیں دیکھا اسی لیئے ھمیشہ انکی تصاویر پر دنیا بات کرتی ھے دعا ھے پاکستان کی فن فوٹوگرافی کا یہ بیش قیمت اثاثہ سلامت رھے اور پاکستان کا نام روشن کرتے رھیں امین۔ 
بہت سے دوستوں کے پاس فوٹوگرافی پر گفتگو بہت ھے پر تصاویر نہیں ھیں۔ 
چینی کہاوت ھے ایک تصویر دس ھزار الفاظ بیان کرتی ھے اور میرا تجربہ یہ ھے جس کی تصاویر گونگی ھوں وہ خود بکواس شروع کر دیتا ھے۔ پاکستان میں ماشااللہ ھر امیر انسان نے اپنا اپنا فوٹوگرافی کلب بنایا ھوا ھے اور اس کے سب فیصلے بھی خود کرتا ھے اللہ انکو جزائے خیر دیں امین ۔ ان سے درخواست ھے مل کر فوٹوگرافی کی نمائشوں کیلئے گیلریز بنائیں اور وھاں پرانے کام کرنے والوں کے ساتھ ساتھ نئے کام کرنے والوں کو نمائش کے مواقع فراھم کریں۔ 
سیاح مناظر کو خود دیکھتا ھے اور خوش ھوتا ھے یہ خود غرض ھونے کا ایک پیمانہ ھے اور فوٹوگرافر خود نہیں دیکھ پاتا لیکن ساری دنیا کو دکھا دیتا ھے جب وہ تصویر بناتا ھے تو اسکی ایک آنکھ بند ھوتی ھے اور دوسری کے آگے کیمرے کا شیشہ آجاتا ھے اس طرح فوٹوگرافر کے اندر قربانی دینے کا جذبہ بھی زیادہ ھوتا ھے۔ 
آپکے پاس جو بھی کیمرہ ھے برائے مہربانی فوٹوگرافی شروع کیجئے تصاویر دنیا کو دکھائے اور اچھے فوٹوگرافر بنئے۔ بار بار کیمرہ بدلنا بھی آپ کوبہتر فوٹوگرافر بننے میں رکاوٹ ھے۔ ھر کیمرہ بناتے وقت کیمرہ کمپنی کا کوئی مقصد ھوتا ھے۔ یہ کیمرہ رینج طالب علموں اور نئے آنے والوں کے لئے ھے ۔ یہ کیمرہ رینج سنجیدہ فوٹوگرافرز کیلئے ھے ۔ یہ کیمرہ رینج پروفیشنلز کیلئے ھے۔ یہ کیمرہ اور لینز وائلڈ لائف فوگرافی کیلئے ھے ۔یہ کیمرہ اور لینز فوٹو جرنلسٹس کیلئے ھے یہ کیمرہ اور لینز کھیلوں کے فوٹوگرافر کیلئے ھے۔ کیمرہ اور لینز پر پیسے لگانے سے پہلے فیصلہ کیجئے استعمال کیاھے اور پھر خریدئے خریدنے کے بعد مت سوچئے۔ ضروری نہیں سب کیمرے اور لینز سب اپکے ھی ھوں ۔ بہت سے فوٹوگرافرز ایک لینز اور کیمرہ کے ساتھ زندگی گزار دیتے ھیں اور ھزاروں قیمتی تصاویر دنیا کو دے جاتے ھیں۔ زیادہ لینز بھی وبال جان ھیں بار بار لینز بدلنا سینسر کوگندا کر دیتا ھے اور انکو اٹھا کر چلنا آپکو۔
میرے ایک دوست پچھلے دو سال میں کئی کیمرے اور لینز بدل چکے ھیں اور ماشااللہ کافی نقصان اٹھا چکے ھیں اور اب چھیالیس میگا پکسل کا کیمرہ اونے پونے بیچ کر تقریبا اکیس میگا پکسل کا کیمرہ لینے جارھے ھیں وجہ شاید یہ ھے کہ اس کیمرے کی قیمت زیادہ ھے ۔ اس سے زیادہ کی انکو سمجھ نہیں ھے ۔ احتیاط کیجئے ۔
فوٹوگرافر اور بیوقوف فوٹوگرافر میں بھی واضح فرق ھے فوٹوگرافر اپنے لیئے اور دنیا کیلئے تصاویر بناتا ھے خوش رھتا ھے اور بیوقوف فوٹوگرافر کیمرے خریدتا اور بیچتا ھے اور کئی کیمروں کی دوکانوں کو چلاتا ھے۔ اور پریشان رھتا ھے۔کیمرہ بیچنا ایک اچھا کاروبار ھے لیکن درخواست ھے دوکانداروں سے ایسے بیوقوفوں کی سہی سمت راھنمائی کیجئے۔ مجھے مکمل یقین ھے کہ آپکے رزق میں کوئی کمی نہیں آئے گی اللہ مزید برکت دیں گے۔ انشاءاللہ
ھر انسان اپنے بارے میں سب سے بہتر جانتا ھے فیصلہ کیجئے آپ ایک فوٹوگرافر ھیں یا پھر صرف کیمرے کے مالک۔

Prev میں سیکھتا کیسے ھوں
Next فوٹوگرافی 

Comments are closed.