لاھور دور ھوگیا

لاھور دور ھوگیا
تحریر محمد اظہر حفیظ

زندگی کے تقریبا ساڑھے چار سال لاھور کے نام کئے، 
اس کا ھر دروازہ اور موری کئی دفعہ دیکھی اور لاھوریے راستہ پوچھتے تھے یار اظہر یہ بھاٹی اور ٹکسالی میں کیا فرق ھے دھلی اور موچی کہاں کہاں ھیں شیرانوالہ کس طرف ھے اک موریہ اور دو موریہ پل کدھر ھیں نیلا گنبد کدھر ھے ٹکسالی سے شالمی راستہ کدھر سے جاتا ھے رنگ محل کس طرف سے جائیں شالمی سے یا ٹکسالی سے، کھسے لینے کیلئے کونسے بازار جانا ھے، بانساں والا بازار کدھر ھے، میکلورڈ روڈ کدھر ھے گنجمنڈی کدھر سے جاتے ھیں،بلال گنج موھنی روڈ سے جائیں یا کوئی اور راستہ،بند روڈ اور ملتان روڈ ساتھ ساتھ ھیں،وحدت روڈ مسلم ٹاون کے کس طرف ھے۔ ایبٹ روڈ اور نسبت روڈ میں کیا فرق ھے، ھال روڈ اور صفاں والا چوک کدھر ھیں لارنس روڈ اور ڈیوس روڈ کدھر ھے، مائی لاڈو مسجد،مسجد وزیر خان کدھر ھے،وحید مراد کی قبر کدھر ھے یار فردوس مارکیٹ سے پہلے میڈم درے کے گھر کے ساتھ اور غازی علم دین شہید وھی میانی صاحب، جہانگیر کا مقبرہ اور شالیمار باغ میں کتنا فاصلہ ھے باٹا پور اور واھگہ کدھر ھے جلو سے بی آربی نہر کتنی دور ھے،شاھدرہ اور فرخ باد ساتھ ساتھ ھیں تو بیگم کوٹ کدھر ھے ایم اے او کالج تو این سی اے ھاسٹل کے ساتھ ھے پر دیال سنگھ کالج کدھر ھے انارکلی میں ریاض فالودہ تو پرانی انارکلی میں ھے یہ میرا چائے والا کدھر ھے۔ ھریسہ کی مشہور دوکان کدھر ھے جہاں سے نواز شریف کے گھر ھریسہ جاتا ھے فرنٹیر پوسٹ کا دفتر کدھر ھے نیشن کا دفتر کدھر ھے نیوز کا دفتر کدھر ھے۔ آئی اے رحمن صاحب کہاں رھتے ھیں عثمانی صاحب کہاں رھتے ھیں عاصمہ جہانگیر صاحبہ کا دفتر کدھر ھے،ایلس فیض صاحبہ کدھر رھتی ھیں، پروفیسر شاھد زیدی کدھر رھتے ھیں،میاں طفیل محمد صاحب کا گھر منصورہ میں کدھر ھے، گورنمنٹ کالج کے برآمدے، سٹیج، مینار کدھر ھے، گھوڑا ھسپتال کدھر ھے، میو ھسپتال کدھر ھے، جناح ھسپتال کدھر ھے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کدھر ھے علامہ اقبال میڈیکل کالج کدھر ھے، ریس کورس کدھر ھے اور لارنس گارڈن کدھر ھے، فوٹریس کدھر ھے اور لبرٹی کدھر ھے کبھی فردوس مارکیٹ یا منی مارکیٹ گئے ھو یار یہ رام گلی جو اب رحمن گلی ھوگئی ھے یہ کدھر کرکے ھے۔ راوی چرغہ کدھر ھے اور لاھور بروسٹ کدھر ھے یہ چوبرجی اور میانی صاحب رشتے دار ھیں نہیں بس پاس پاس رھتے ھیں، اچھرہ اور فیروز پور روڈ کا اتا پتہ، جیل روڈ اور شیزان بیکری، داتا صاحب کا عرس اور میلہ چراغاں کب ھوتا ھے۔اور ھاں شاہ جمال کا عرس کب ھے ۔یہ یادگار،شاھئ قلعہ، شاھی مسجد ، بادامی باغ کدھر ھیں شاھدرہ سٹیشن اور لاھور ریلوے سٹیشن کا فاصلہ کتنا ھے، باغبانپورہ اور منٹ کس طرف ھیں، شالیمار لنک روڈ اور مال روڈ دونوں نہر پر کیوں نکلتی ھیں۔گڑھی شاھو اور مصری شاہ ساتھ ساتھ ھی ھیں۔ نئی انارکلی کے آخر پر وارث نہاری اور اگر آگے سیدھے نکل جاو تو حاجی نہاری، یہ لبرٹی چوک ھے اور یہ ملکہ ترنم نورجہاں کا گھر، یہ میاں ماجد فوٹوگرافر کا گھر ھے یہ شوکت صاحب فوٹوگرافر ھیں، یہ زیدی صاحب کا سٹوڈیو ھے،یہ میاں مجید کا گھر ھے، یہ عبدالقیوم صاحب کا سٹوڈیو ھے یہ نعیم اکرم صاحب کا سٹوڈیو ھے یہ سانتے ھے مسرت مصباح باجی کا۔ یہ نیو لک ھے ،یہ خاور ریاض کا سٹوڈیو ھے، یہ اسد الرحمن صاحب کی جینریشن ھے یہ نی پنھل ھے زبیر گھمن کی یہ ریت ھے ڈاکٹر صاحب کی۔ یہ اطہر شہزاد کا سٹوڈیو ھے یہ آغا رضوان کا سٹوڈیو ھے یہ جاوید صدیق صاحب کا سٹوڈیو ھے۔ یہ استاد اقبال صاحب پینٹر کا گھر ھے بازار حسن میں، یہ استاد بشیر صاحب کا گھر ھے پرانی انارکلی میں، یہ عسکری میاں ایرانی کا گھر ھے بیڈن روڈ پر، یہ پروفیسر آصف صاحب کا گھر ھے چوبرجی پاس، یہ محسن اور پاشا کا گھر ھے فوٹریس پاس اور یہ الحمرا ھے تو شاکر علی میوزیم کدھر ھے یہ لاھور میوزیم ھے تو پھر فقیر خانہ میوزیم کدھر ھے، اقبال کا مزار یہ ھے تو قطب الدین ایبک کا مزار کدھر ھے۔ نیشنل کالج آف آرٹس اور فائن آرٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی میں کیا فرق ھے ۔ مجھے پرانا لاھور اور اس کے سب پرانے لوگ جانتے تھے میں نے کئی لاکھ کلومیٹر موٹر سائیکل چلائی لاھور کی گلیوں میں سورج نکلتے اور غروب ھوتے دیکھے۔ کئی جنازے اٹھائے اور کئی گود کھلائے پر 5 مارچ 1994 کو میں لاھور چھوڑ آیا مجھے مکمل لاھور ابھی بھی یاد ھے بے شک جتنے بھی انڈرپاس یا پل بن جائیں پر لاھور تومجھے بھول گیا بہت عجیب شہر ھے لاھور جو اس سے محبت کرتا ھے نہ جانے کس کس سے محبت کرتا ھے۔ ایک بات تو بتائیں،مریدکے وھیں ھے،شاھدرہ وھیں ھے،یادگار وھیں ھے گورنمنٹ کالج وھیں ھے نیشنل کالج آف آرٹس وھیں ھے،اچھرہ فیروزپور روڈ وھیں ھے لارنس گارڈن اور نہر بھی وھیں ھے راوی کا پل بھی وھیں ھے میرے سارے دوست میری ساری یادیں بھی تو وھیں ھیں پھر لاھور اتنا دور کیوں ھوگیا ھے روز گھر سے نکلتا ھوں پر لاھور نہیں پہنچتا۔

Prev ویلے سیانے
Next چلتا جارھا ھوں

Leave a comment

You can enable/disable right clicking from Theme Options and customize this message too.