مجھے تو رونا بھی نہیں آتا

مجھے تو رونا بھی نہیں آتا
تحریر محمد اظہر حفیظ

سنا ھے کہ میرے رب کو پسند ھے کہ اس کا بندہ گڑگڑا کر دعا مانگے تو وہ قبول کرتا ھے پر مجھے تو رونا بھی نہیں آتا۔ 
میں اکثر اپنی چھوٹی بیٹی عبیرہ سے جیلس ھو جاتا ھوں جب وہ کسی چیز کیلئے ضد کرتی ھے تو زورو شور سے روتی ھے زمین پر لیٹتی ھے ٹانگیں مارتی ھے میں نے تو چاکلیٹ لینی ھی لینی ھے اور اس کی ماں اس کو چاکلیٹ دیتے ھوئے اظہر دیکھیں یہ سارا دن ایسے میری جان کھاتی ھے آپ تو صرف چھٹی والے دن دیکھتے ھیں بہت ضد کرتی ھے روتی ھے میرا جواب سن کر وہ بیچاری سر پکڑ کر بیٹھ جاتی ھے ۔ میں کہتا ھوں دعا کرو مجھے بھی یہ ضد اور رونا نصیب ھو میرے رب کے آگے تو میں اپنی سب بیٹیوں کیلئے اچھے نصیب مانگوں تمھارا اور اپنا ھمیشہ کا ساتھ مانگوں، صحت مانگوں، ایمان والی زندگی مانگوں،ماں باپ اور تمام مسلمانوں کیلئے جنت الفردوس میں اعلی مقام مانگوں،پاکستان کی خیر اور سلامتی مانگوں، اچھے حکمران مانگوں، مسلمانوں کیلئے امن مانگوں، کشمیر کی آزادی مانگوں، فلسطین میں امن مانگوں، وہ سب مانگ لوں جو ھمارے لئے اچھا ھو، پر مجھے رونا نہیں آتا ۔
مجھے یاد ھے علیزے پیدا ھوئی اس کو پیلا یرقان بہت زیادہ تھا خون کی ضرورت تھی دفتر فون کیا تو شعیب بھٹہ بھائی تشریف لائے میں انکو لینے ھسپتال سے باھر جانے لگا تو ڈاکٹر صاحب کہنے لگے دعا کیجئے گا اور میں ڈر ھی گیا شعیب بھٹہ صاحب سے ملا تو رو دیا بھٹہ صاحب کہنے لگا میاں صاحب مرد کو رونا اچھا نہیں لگتا پھر شاید دوبارہ نہیں رویا لیکن اس دن کا رونا کام آگیا اور میری بیٹی صحت کے ساتھ اللہ نے واپس کردی ماشااللہ اب نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی میں پہلے سال کی طالبہ ھے شکر الحمدللہ، میری اکلوتی بہن کی شادی تھی اس کا میسج آیا دونوں بھائی اور ابو میرے سامنے نہ آئیں ورنہ میرے لیئے بہت مشکل ھوجائے گی چچا جی نے رخصتی کی اور ھم ادھر ادھر ھوکر اپنا رونا چھپاتے رھے، میرے امی جی فوت ھوئے تو گھر میں میں اور بچے اکیلے تھے بڑے بھائی بس سٹاپ سے اپنے بچے لینے گئے ھوئے تھے جو فیصل آبادگئے ھوئے تھے۔ اور ابو جی دوکان پر تھے اب گھر میں میں ھی بڑا تھا اور بیوی بچوں کا حوصلہ بھی کیسے رو سکتا تھا سب کو اطلاع کی بھائی امی جی فوت ھوگئی ھیں سیدھے گھر آجائیں اور ابا جی کو سامنے والے شاہ صاحب لے آئے اور میں چھوٹا ھونے کے باوجود بڑا ھوگیا اور نہیں رویا،ابا جی کو پھیپڑوں کا کینسر تھا آخری دوسال میں پتہ چلا سب اچھا تھا اخری مہینہ بہت تکلیف دہ تھا اور جو آخری دن ڈاکٹرز نے جواب دیدیا انکو گھر لے جائیں اور ان سے ملیں جی اچھا ابا جی کی طبعیت بہت خراب تھی کبھی آکسیجن لگاتے تھے اور کبھی نیبولائز کرتے تھے وہ ھر ایک منٹ میں کبھی لیٹتے تھے اور کبھی اٹھ کر بیٹھتے تھے سانس لینا بہت مشکل ھو رھا تھا بہت تکلیف میں تھے شام کو میں نے دونفل ادا کیئے اور اللہ سے دعا کی میرے ابا جی کیلئے آسانی کر دیں ۔ اور فجر سے کچھ پہلے وہ اللہ پاس چلے گئے میں پھر نہیں رویا۔ انکی آسانی پر میں کون ھوتا ھوں رونے والا۔ آصف حسین زیدی صاحب شاہ جی میرے بہت ھی قریبی دوست ھیں تین سال سے بستر پر ھیں بول نہیں سکتے، اٹھ نہیں سکتے، بس آنکھیں کھولتے ھیں اور کچھ نہیں انکی صحت کی ھر وقت دعا مانگتا ھوں اور لاھور جانے سے اپنے آپ کو روکتا ھوں اللہ انکو صحت کاملہ عطا فرمائیں امین اور سلامت رکھیں امین،
میں اللہ کا شکر گزار بندہ ھوں الحمدللہ اس نے ھر چیز سے نوازا، شکر الحمدللہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا امتی اور مسلمان پیدا کیا ، تمام رشتے عطاکئے،بیٹا بنایا،بھائی بنایا،باپ بنایا،چچا بنایا،ماموں بنایا،پھوپھا بنایا، دوست بنایا،شوھر بنایاشکر الحمدللہ، سب سہولتیں عطا کیں، نیک اور صالح اولاد،اچھے والدین،نیک بیوی، بہترین نوکری،بہترین سواری، بہترین تعلیم، بہترین صحت، بہترین دوست کیا کیا بتاوں کیسے کیسے شکر ادا کروں مجھے سب میری مرضی کے ھنر سکھائے مجھے فوٹوگرافر بنایا مجھے ڈیزائنر بنایا، مجھے استاد بنایا۔ مجھے لکھاری بنایا۔ مجھے سمجھ بوجھ عطا کی، مجھے دیکھنے،سونگھنے،سننے،چلنے،چھونے،بولنے،لیٹنے ،سجدہ کرنے کی صلاحیت دی، شکر الحمدللہ، شکر الحمدللہ۔ میرا اللہ مجھے منتخب کرتا ھے وہ سب دکھانے کیلئے جو خوبصورتی ھے اس جہاں میں نگر نگر گھماتا ھے، دکھاتا ھے اور مجھے ھمت دیتا ھے کہ پھر میں ساری دنیا کو دکھاتا ھوں، شکر الحمدللہ
میری عزت کی حفاظت کرتا ھے روزبروز عزت،عاجزی،شکر،انکساری،رزق،پیار میں اضافہ کرتا ھے شکر الحمدللہ، مجھے شر سے بچاتا ھے برائی سے بچاتا ھے، وسوسوں سے بچاتا ھے، 
آپ خود ھی بتائیں کیسے رووں ، سب کرم ھی کرم ھے فضل ھی فضل ھے ، شکر ھی شکر ھے ، پر میں توشکر ادا کرنے کیلئے رونا چاھتا ھوں۔ اور کچھ مانگنا تو نہیں چاھتا،میرے رب کی سب عطا ھی عطا ھے شکر الحمدللہ

Prev اداس
Next انسان

Leave a comment

You can enable/disable right clicking from Theme Options and customize this message too.