اللہ جی

اللہ جی
تحریر محمد اظہر حفیظ

بہت دنوں بعد حاضر ھوا ھوں۔ معافی چاھتا ھوں بے شک آپ بہتر معاف کرنے والے ھیں۔ اور ھم سجدہ گزار گنہگار بندے۔ 
اللہ جی جیسا کہ آپ کو بہتر معلوم ھے کہ ھمارے حالات کیا ھیں اور ان کوکیسے ٹھیک کرنا ھے۔ ھمارے حکمران کیسے ھونے چاھیئے،ھماری معیشیت کیسی ھونی چاھیئے۔ جو کچھ انسان سمجھتا ھے کہ اس کے کنٹرول میں ھے اسکو تو اس حد تک پہنچا ھی دیا ھے وہ پیٹرول ھو، ڈالر ھو یا ٹماٹر۔ پر اللہ جی یہ کٹائی کے موسم میں بارشیں یقینن اس میں بھی کوئی حکمت ھوگی۔ کوئی بہتری ھوگی پر ھماری سمجھ کے مطابق کسان تو تباہ ھوگیا۔ آپ بہتر جانتے ھیں۔ ھماری یونین نے 68 دن کامیاب پر امن دھرنا دیا، جب وعدے پورے کرنے کا وقت آیا تو آپ نے وزیر صاحب کو ھی بدلوا دیا۔ 
یہ سب کیا ھو رھا ھے ۔ ھم مسلمان جو بھی منصوبہ بندی کرتے ھیں آپ اس کو بدل دیتے ھیں۔ اللہ جی زمین پر بہت ظلم ھورھے ھیں کہیں بچوں کے سامنے بےدردی سے ان کے والدین کو پولیس قتل کر دیتی ھے کہیں ھزارہ کے ھزاروں لوگ شہید ھو رھے ھیں اور کہیں راہ چلتی بسوں سے اتار کر لوگوں کو مار دیا جاتا ھے۔ اللہ جی یہ سب کیا ھو رھا ھے۔ ھمارا تو سب کچھ آپ ھی ھیں۔ ھم آپ کو سجدہ کرتے ھیں آپ سے انصاف مانگتے ھیں آپ کے آگے روتے ھیں آپ کو ھی شکایت کرتے ھیں اور آپ سے ھی دعا کرتے ھیں کیونکہ ھمارے ملک اور خطے میں انصاف ناپید ھوچکا ھے انصاف بھی اب بدلہ بن چکا ھے عدالتیں ھر انسان اور عہدے پیسے کے مطابق فیصلے کرتی ھیں۔ ھر کرپٹ آدمی کا کوئی نہ کوئی رشتہ دار انصاف دینے پر مامور ھے پھر انصاف کیسے ھو۔ وکیل ججوں سے بھی اوپر ھیں مرضی کے فیصلے لیتے ھیں ورنہ بائیکاٹ کر دیتے ھیں عدالتی نظام چلنے ھی نہیں دیتے۔ 
اللہ جی زیادہ زندگی گزر گئی ھے تھوڑی رہ گئی ھے یہ سب کب آپ ٹھیک کریں گے ھم بہت کمزور ھیں ھم یہ طوفانی بارشیں، سیلاب،زلزلے،آگ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے ھم پر رحم کیجئے بے شک آپ سب سے بڑے اور بہتر رحم کرنے والے ھیں۔ 
اللہ جی چاچا اقبال کا بیٹا یاسر بہت اچھا بچہ تھا آپ نے آپنے پاس بلوا لیا آپکی مرضی اس کے چھوٹے چھوٹے چار بچے ھیں ھیں ان کا بہتر وسیلہ بنادیں امین چاچا اقبال کی بے بسی اور دکھ دیکھا نہیں جاتا اللہ جی اس کو صبر جمیل عطا کردیں صحت کے ساتھ ایمان والی لمبی زندگی عطا کردیں تاکہ وہ بچوں کا خیال رکھ سکیں۔ اللہ جی آپ اپنے نظام کو بہتر سمجھتے ھیں کیونکہ میری سمجھ میں تو یہ کبھی بھی نہیں آیا۔ میری سمجھ بہت کم اور چھوٹی ھے اور آپکا نظام لامحدود۔
اللہ جی سب کو اولاد کے دکھ سے محفوظ رکھیں آپکی مہربانی ھوگی۔ 
اولاد کے کندھے ھوتے ھیں ماں باپ کو اٹھانے کیلئےلیکن جب یہ کام ماں باپ کو کرنا پڑجائے تو کتنا تکلیف دہ ھے آپ سے بہتر کون جانتا ھے۔ رحم کیجئے ھم سب کو ایسی تکالیف سے محفوظ رکھیئے امین۔ اللہ جی مسلمانوں پر بہت مشکل وقت ھے فرقوں میں پڑے ھوئے ھیں ھمیں ایک کر دیں۔ 
اللہ جی مہربانی فرما کر ھمارے پاکستان کو اور امت مسلمہ کو سازشوں سے نکالئے۔ 
اللہ جی ھم بہت کمزور ھیں بے بس ھیں ھمیں آزمائشوں میں سے نکالئے۔ 
ھم تو سکول کالج کے امتحان دیتے وقت کانپ جاتے ھیں آپ کے امتحانوں میں کیسے پورا اتریں گے کیسے پاس کریں گے۔ مہربانی فرما کر رعایتی نمبروں سے پاس کر دیجئے۔ مجھے یاد ھے ذوالفقار علی بھٹو صاحب حکومت میں جب آئے تھے تو انھوں نے سب کو انکی کلاس میں بغیر امتحان پاس کردیا تھا اور آپ تو سب جہانوں کے مالک ھیں کچھ ایسا ھی بندوبست کر دیجئے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے سب مسلمانوں کو بغیر امتحان ھی پاس کر دیجئے۔ بھٹو کو شہید ھوئے چالیس سال ھوگئے اور نعرے لگتے ھیں بھٹو ابھی زندہ ھے اور اللہ جی آپ توسب کے مالک ھیں اور ھمیشہ ھیں آپ سب کر سکتے ھیں اللہ جی معاف کر دیجئے پاس کر دیجئے امتحان میں مت ڈالئے آسانی کر دیجئے ۔
میرے دوست محمد امین اویسی صاحب کہتے ھیں اظہر بھائی جب بھی کوئی پریشانی ھو اللہ تعالی کو خط لکھئے ساری پریشانیاں لکھ ڈالئے اور سوجائے انشاءاللہ سب کا حل ھوجائے گا اور الحمدللہ ھمیشہ حل ھوا۔ پہلے صرف اپنے مسائل لکھتا تھا آج سب مسائل لکھ دیئے گواہ رھنا میرے اللہ انشاءاللہ سب حل کر دیں گے انشاءاللہ۔ اللہ جی خط لکھ دیا ھے میری لاج رکھیئے گا اور ھم سب کیلئے آسانیاں کردیں امین ۔ شکریہ

Prev سوشل میڈیا
Next سوشل میڈیا مشورے

Comments are closed.