اپنے جذبات کا اظہار خود کیجئے

اپنے جذبات کا اظہار خود کیجئے
تحریر محمد اظہر حفیظ

جو محسوس کرتا ھوں، جو دیکھتا ھوں لکھ دیتا ھوں، کوشش مکمل ھوتی ھے کسی کی دل آزاری نہ ھو پھر بھی خودساختہ دل آزاریاں لوگ محسوس کر لیتے ھیں۔ اس کیلئے معافی چاھتا ھوں۔
کچھ دوست احباب زبردستی اپنے جذبات کا اظہار مجھ سے کروانا چاھتے ھیں جو میرے لئے ممکن ھی نہیں بلکہ ناممکن ھے ۔ میں ایک مزدور باپ کا مزدور بیٹا ھوں ھر وقت مزدوری پر ھی دھیان رھتا ھے، جب مزدوری مشکل لگے تو مشکل لکھ دیتا ھوں اور جب آسان لگے آسان لکھ دیتا ھوں،
کچھ دوست فوج کے حق میں یا مخالفت میں لکھوانا چاھتے ھیں، کچھ دوست میاں نوازشریف، آصف علی زرداری اور عمران خان کے حق میں یا مخالفت میں لکھوانا چاھتے ھیں، عرض یہ ھے کہ خود لکھنا اظہار کرنا سیکھیں، کچھ دوست جب ملتے ھیں پوچھتے ھیں کہ یار محبت کا اظہار کیسے کیا جائے بھائی یہ ذاتی مسئلہ ھے ذاتی طور پر حل کریں، آپ کیلئے اور میرے لیئے بھی آسانی ھوگی۔ مصروفیت دن بدن بڑھتی جارھی ھے، پڑھنا بھی ھے پڑھانا بھی ھے، مکمل نوکری کرنی ھے اور بیوی بچوں کو بھی وقت دینا ھے، فوٹوگرافی بھی کرنی ھے اور ڈوکومینٹری بھی بنانی ھیں یوٹیوب چیننل بھی چلانا ھے اور دوست احباب، عزیزوں کو بھی وقت دینا ھے۔ پھر اس کے بعد وقت بچتا ھی کہاں ھے جو آپ کے جذبات کی ترجمانی بھی میں کروں، تیس سال سے اپنی مرضی کی فوٹوگرافی کرتا ھوں مشورے کرنے والے پھر بھی باز نہیں آتے اور روز ایک نئی سکیم لیکر آجاتے ھیں ، آج ھی اشفاق صاحب کی کچھ لائنیں فیس بک پر پڑھ رھا تھا، کہ وہ اللہ ھی ھے جو سب کچھ جاننے کے باوجود آپکی پھر بھی سنتا ھے، اب یہ صفات انسانوں میں تو ممکن نہیں۔
میں ھر وقت ایک نئی دنیا میں رھتا ھوں جو میری سوچوں اور یادوں کی محور ھے درمیان میں کچھ باتیں جنجھوڑ دیتی ھیں۔ کل سورج گرھن کی تصاویر بنانے دامن کوہ سے آگے کچھ فاصلے پر بیٹھا تھا مجھے وہ نظر ھی نہیں آیا جو دیکھنے آیا تھا پھر بھی کچھ دوستوں نے سورج گرھن کی بہترین تصاویر شیئر کیں جو میری نظر سے نہیں گزریں۔ لیکن وھاں لیجانے کا میرے رب کامقصد کچھ اور تھا ۔تین برف کے گولے بنانے والوں سے ایک لمبی نشت ھوئی، اور وھیں بیٹھے بیٹھے کہاں سے کہاں گھماتے رھے۔ سر جی کرونا بہت ظالم اے اسی پیاسے مر گئے، مجھے بات سمجھ نہیں آئی پوچھا کرونا کا پیاس سے کیا تعلق صاحب جی آئی ٹین تھری گلی نمبر سات اسلام آباد میں پچاس جھگیاں ھیں ھم غریبوں کی، نزدیکی ٹیوب ویل کی موٹر خراب ھوگئی ھے اور ٹیوب ویل آپریٹر ھمیں کسی فیکٹری سے پانی بھی نہیں لینے دیتا، فورا موبائل سے ویڈیو بنانے لگ جاتا ھے سی ڈی اے سے شکایت کروں گا ھم مختلف فلٹروں سے پانی لے آتے تھے لاک ڈاون میں سب کچھ بند ھے سر دو دن سے پانی نہیں دیکھا ھمارے بچوں نے، بہت سارے خیالات ذھن میں آئے اندر ھی اندر رو دیا، سر جی روزانہ تقریبا دوسو روپے بچ جاتے ھیں اکثر گھر کا نظام چل جاتا ھے، کبھی کبھی برف واپس گھر لے جاتے ھیں گاھک ھی کوئی نہیں آتا کل مجھے بہت بھوک لگی تھی پیسے پاس نہیں تھے صاحب جی آٹھ گولے خود ھی بنا کر کھا گیا کچھ بھوک کم ھوگئی، صاحب جی آپکو پتہ ھے سب سے سستی دال چنے کی ھے ایک کلو لاو تو چار دن چل جاتی ھے بہت شکر ھے رب کی ذات کا،
بس پانی کا کوئی حل ھوجائے، اقبال صاحب ڈائریکٹر واٹر سی ڈی اے سے درخواست کی علاقہ بتایا کچھ حل کردیں شفقت سے کہنے لگے بھائی پانی کا ٹینکر بھیجوں گا روز جب تک ٹیوب ویل ٹھیک نہیں ھوجاتا، اللہ انکا بھلا کرے آمین ، تہذیب بیکرز اسلام آباد کی فیکٹری بھی اسی گلی میں ھے محترم خلیل نون صاحب بہت غریب پرور اور انسان دوست ھیں ان سے بھی درخواست ھے کہ اگر کوئی پانی کا کنکشن مہیا کردیں تو اللہ اجر عظیم عطا فرمائیں آمین، واپسی پر ان بھائیوں کے پاس رکا اور کہا میری اقبال صاحب ڈائریکٹر واٹر سی ڈی اے سے بات ھوگئی ھے پانی کا ٹینکر روز بھیجا کریں گے، صاحب جی اتنے پانی کا ھم کیا کریں گے ھمارے پاس تو برتن ھی ھیں اس کو کہاں رکھیں گے، پچاس تو جھگیاں ھیں بس ۔
جب میرے گھر سے فون آتا ھے آج پانی نہیں آیا تو ٹینکر ڈلواتے ھیں۔ بیگم صاحبہ کہتیں ھیں دو روز آرام سے گزر جائیں گے، مجھے یہ جملہ یاد کرکے بہت شرم محسوس ھوئی کہاں پچاس گھر ایک ٹینکر پانی رکھیں گے کہاں اور کہاں ایک ٹینکر ایک گھر دو دن کیلئے کافی ھے، پانی احتیاط سے استعمال کیجئے یہ زندگی ھے۔ ضروری نہیں پانی کا قحط افریقہ میں پڑے یا بلوچستان میں یہ وفاقی دارالحکومت میں بھی پڑ سکتاھے،
ھم سب کو آگے بڑھنا ھوگا اپنے نزدیک کے لوگوں کے مسائل خود دیکھنے ھوں گے، پیاسے کی پیاس بجھائیں پرندوں کے لئے ضرور چھتوں پر پانی رکھیں کچھ پانی انسانوں کیلئے بھی رکھیں۔
کربلا کی پیاس پیاسا ھی محسوس کر سکتا ھے۔ کچھ تدبیر کیجئے۔ شکریہ۔

Prev شکریہ میرے کپتان
Next بے غیرت چور

Comments are closed.