ایزی ہوکے سو جا

ایزی ہوکے سو جا
تحریرمحمد اظہر حفیظ
جب سے ہوش سنبھالا گھر داخل ہوتے تھے تو اباجی کہتے تھے یار صاحب چل گھڑی اتار، بازو اور گلے کے بٹن کھول اور ایزی ہوکے سو جا ۔
زندگی کی 52 بہاریں گزار کے اب بات سمجھ آئی اور ایزی ہوکے سونا شروع کردیا۔
زندگی میں ایزی ہونے کیلئے کیا کچھ نہیں کیا، تعلیم حاصل کی، کاروبار کیئے نوکریاں کی، شادی کی، اللہ نے اولاد عطا کی، صحت دی، گھر ، گاڑی سب سہولیات دیں، پر اب سمجھ آئی ایزی ہونا اتنا مشکل نہ تھا جتنا ہم نے بنائی رکھا اور ان سب مشکلوں سے گزر کر بھی ایزی نہ ہوسکے۔ اور وہ تو ایک آسان سا کام تھا کفوں اور کالر کے بٹن ہی تو کھولنے تھے۔ اور ہم نے کبھی ائیر کنڈیشنر اور کبھی ھیٹر لگائے پر ایزی نہ ہوسکے ۔ اب جاکے کچھ باتیں سمجھ آئیں ، دوست بنائے کہ بندہ دوستوں کے ساتھ ایزی محسوس کرتا ہے، پر وہ بھی ٹینشن کا باعث بنے، اور ادلے بدلے کرتے رہے۔ فوٹوگرافی کیلئے ساری زندگی کا ایک بڑا حصہ وقف کردیا پر اب نہیں کرتے تو کوئی فرق نہیں پڑتا،
وقت کی پابندی کا ہمیشہ خیال رکھا پر کوئی فرق نہیں پڑا، زندگی ایزی نہ ہوسکی بس وقت گزر گیا جگر خراب ہوگیا، اللہ نے میری بڑی بیٹی کو وسیلہ بنایا اللہ اس کو جزائے خیر دے اور جگر بدل دیا گیا شکر الحمدللہ اللہ نے ہم دونوں کو صحت دی ۔ مشکل سفر تھا وقت کے ساتھ ساتھ آسان ہوتا گیا۔ پر گرمی کچھ زیادہ محسوس ہونا شروع ہوگئی ۔ جسکی وجہ سے کبھی قمیض کے بٹن کھول کر سوجاتا ہوں اور کبھی صرف نیکر یا ٹراؤزر پہن کر سو جاتا ہوں تو ایزی محسوس کرتا ہوں ایزی ہونے کیلئے تو پورے تن کو ڈھانپنا بھی ضروری تو نہیں پر میں کس مشقت میں پڑا رہا ۔ الماریاں بھر دیں کپڑوں کی پر ایزی نہ ہوسکے، اب ذہن میں کئی کردار گھومتے ہیں جو بازاروں میں الف ننگے یا پھر بمشکل شلوار پہنے گھوم رہے ہوتے ہیں ۔ سوچتا ہوں کہ انکے ایزی ہونے کا کیا لیول ہوگا ۔ شاید کسی دن اسکی بھی کوشش کرکے دیکھوں۔ ساری زندگی اچھائی اور برائی کی فرق میں گزار دی۔ پر کوئی فرق نہیں پڑا ۔ کچھ لوگ اکیلی دھوتی اور کچھ دھوتی اور بنیان پہن کر ایزی محسوس کرتے ہیں ۔ اور کچھ ہزاروں خرچ کر پینٹ کوٹ اور ٹائی پہن کر سارا دن پھانسی پر لٹکے رہتے ہیں ۔کبھی کبھی تو چست پاجامے والے کرداروں کا سوچتا ہوں تو ھاسا ہی نکل جاتا ہے جو ساری زندگی اپنی ٹانگوں کو عذاب میں مبتلا رکھتے ہیں۔ پینٹ کوٹ اور ٹائی میں راحت کا صرف وہی ایک لمحہ ہوتا ہے ۔ جب شام کو ٹائی کی گرہ کھولی جاتی ہے۔ باقی سارا دن تو عذاب مسلسل میں گزرتا ہے۔ کچھ دوست جون میں بھی پینٹ کوٹ اور ٹائی پہنتے ہیں مجھے انکی خوش لباسی پر رحم آتا ہے۔ بیچارے فریم شدہ انسان۔ اچھی پیکنگ کے چکر میں ہی گل جاتے ہیں۔ امید یے گھر پہنچ کر راحت حاصل کرنے کیلئے دھوتی کے علاوہ تو کوئی آپشن نہیں ہوگی۔ انگریز ساحل سمندر ہر اکثر ننگا پایا جاتا ہے لوگ اس کو عیاشی سمجھتے ہیں حالانکہ یہ انکا احتجاج ہوتا ہے پینٹ کوٹ اور ٹائی کے خلاف اور سب سہولیات کو ایجاد کرنے والے گوروں کے پاس تن ڈھانپے کیلئے دھوتی تک نہیں ہے ۔ بیچارے۔ انہوں نے دھوتی کو ڈیزائن کیا اور سکرٹ بنا کر عورتوں کو پہنا دی ۔ وہ ایک الگ عذاب میں مبتلا ہیں ۔ دھوتی پہن کر آپ جہاز سے اونچی عمارت سے چھلانگ لگا سکتے ہیں کیونکہ یہ اکثر فلموں میں پیرا شوٹ کیلئے بھی استعمال ہوتی ہے بلکہ پیرا شوٹ دھوتی کی ہی ماڈرن فارم ہے اور دوسری طرف انگریز کی ایجاد سکرٹ پہن کر آپ سیڑھیاں بھی مشکل سے ہی چڑھتے ہیں۔ انگریزوں کا خیال ہے کہ دھوتی صرف سپر مین پہنتے ہیں اس لیے اپنے کردار سپر مین کے گلے میں دھوتی باندی ہوتی ہے ۔ اپ دھوتی پہن کر تو دیکھیں جب آپ کو ہوا لگے گی تو یقینن آپ اپنے آپ کو حبس زدہ ماحول میں سپر مین ہی محسوس کریں گے۔ اور ہوا میں اڑتے ہوئے نظر آئے گے۔ہمارے اکثر دیہاتی علاقوں میں سپر ویمن بھی نظر آتی ہیں شہری لوگ سمجھتے ہیں کہ ہمارے گاؤں کی عورتیں شاید سکرٹ پہنتی ہیں اس لیے اکثر پنجابی فلموں میں انکو یہی لباس پہنے دکھایا جاتا ہے ۔ کوشش کریں دھوتی ریشمی کپڑے کی نہ ہو کیونکہ اس میں کوئی بیلٹ یا ازاربند نہیں ہوتا ۔ آپ ایزی ہونے کی بجائے مشکل میں پھنس جائیں گے اور کئی دفعہ تو لوگ آپ سے پوچھیں گے دھوتی کدھر ہے تو آپ کو بھی تلاش کرنا پڑے گی۔ شاید دھوتی انسان کی سب سے بڑی ایجاد ہے کیونکہ جو ایزی آپ اس میں محسوس کرتے ہیں شاید ہی کسی لباس،میں کریں کیوں کے بوقت ضرورت یہ آپ کو مچھر سے بچانے کے بھی کام آتی ہے۔بس آپ کو ٹانگوں کی بجائے پورے جسم پر اوڑھنا ہوتا ہے ۔ ایزی ہونا کوئی اتنا مشکل کا نہیں جتنالوگوں نے بنایا ہوا ہے، گلوکار مائیکل جیکسن نے بے شمار پیسہ لگا کر مشینیں خریدی تھیں کہ ایزی ہوسکے کاش کوئی اسکو ایک دھوتی دلوا دیتا وہ کم از کم ایزی ہوکر تو مرتا۔ زندگی ایزی ہی ہے ہم نے بہت محنت سے اسکو مشکل بنایا ہوا ہے۔ ایک بات بتاوں دھوتی کابجلی کابل بھی نہیں آتا اور اس کو کلف بھی نہیں لگانا پڑٹی۔ سوچ میں مت پڑیے جائے اور ایزی ہونے کا لباس خرید لائیے اور دعاوں میں یاد رکھیے ۔ شکریہ

Prev فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ھے
Next آپ فری ہیں

Comments are closed.