فوکس اور دھیان

فوکس اور دھیان
تحریر محمد اظہر حفیظ
فوکس اور دھیان دونوں ایک ھی لفظ ھیں آج جب رات کے پچھلے پہر بیٹھا سوچتا ھوں کہ مجھے تو فوکس کرنا بچپن سے ھی سکھایا گیا پر سمجھ اب آنا شروع ھوا۔ میری ماں کہتی تھی محمداظہر حفیظ پڑھائی پر دھیان دے۔ ادھر ادھر سے دھیان ھٹا۔ پڑھائی پر دھیان دے۔ بیٹا جب نماز پڑھتے ھیں تو دھیان رب باری تعالی کی جانب مذکور کرتے ھیں۔ بیٹا تو شادی شدہ ھوگیا ھے اپنے بیوی بچوں کی طرف دھیان دے۔ ابا جی بیٹا گاڑی دھیان سے چلایا کر ۔ جب بارش ھو اور رات کا وقت ھو تو دھیان سامنے والی گاڑی کی لائٹس پر رکھتے ھیں۔ بیٹا اپنی نوکری پر دھیان دے۔ بیٹا دین پر دھیان دے ۔ دسمبر 2018 کے آخری دن تھے چھوٹا بھائی فوٹوگرافر کامران سلیم سے ایک جغادری فوٹوگرافر کا پوچھا تو بہت محبت سے بولا اظہر حفیظ صاحب او کون اے۔ کامران بھائی جواب مل گیا۔ اظہر حفیظ صاحب تصویر وھی ھوتی ھے جو فوکس ھوتی ھے تو مہربانی کرکے اسی فارمولے کو عام زندگی پر لاگو کر لیں فوکس ھو جائیں سب پریشانیاں انشاءاللہ ختم ھوجائیں گی۔ ساری عمر جو ماں باپ بہن بھائی بیوی بچے عزیز رشتے دار سمجھاتے رھے سمجھ نہ آئی پر شکریہ محترم بھائی کامران سلیم کا کتنی آسانی سے فوکس کرنا سکھا دیا۔ سلامت رھیں ۔ امین۔ 48 سال کی عمر تک پہنچ گیا ھوں 29 سال فوٹوگرافی کو دے دیئے پر فوکس کرنا نہیں آیا۔ اب جب سیکھا تو مزا آنا شروع ھوگیا اور فوکس ھوگیا۔ 
ساتویں جماعت میں بھائی رانا تنویر مرحوم سے دوستی ھوئی وہ میرے ٹیلی پیتھی اور ریڈیو بنانے کے استاد تھے اور میں انکا فوٹوگرافی کا استاد تھا۔ موم بتی جلا کر رکھتے کہتے یار پیا جی اس پر دھیان مرکوز کریں دنیا سے توجہ ھٹا لیں۔ پیا جی ٹی وی کے آگے بیٹھیں اپنا دھیان سامنے گانا گانے والے پر مرکوز کریں اور اس کو پیغام دیں کہ وہ آپ سے رابطہ کرے پیغام اس تک پہنچ جائے گا۔ اور وہ آپ سے رابطہ کرے گا میرا دماغ نہیں مانتا تھا رانا صاحب یہ ریکارڈنگ چل رھی ھے یار تو پیا چھوڑ اس بات کو دھیان دے فوکس کر اور پیغام دے لیکن میں کہاں ماننے والا تھا۔ کلاس میں بیٹھے بیٹھے میں خیالوں میں کہیں کا کہیں نکل جاتا تھا استاد کی آواز آتی تھی میاں صاحب دھیان کدھر ھے اور جب بھی کبھی حادثہ ھوا تو آواز آئی آپکا دھیان کدھر تھا اپنے آپ کو دوران ڈرائیونگ سڑک پر فوکس کیوں نہیں کرتے۔ 
میرے کانوں میں میرے اپنے الفاظ گونج رھے ھیں کیمرہ اور لینز کسی ایک چیز کو فوکس کرتے ھیں باقی چیزوں کو فوکس کرنے میں اپرچر،فاصلہ اور لینز مدد کرتے ھیں۔
ھائے اور میرے اللہ ایک مشین کو پتہ ھے کہاں فوکس کرنا ھے کیسے کرنا ھے اور مجھے آج تک فوکس کرنا نہیں آیا۔
آج جب اپنا محاسبہ کرنے بیٹھا تو اپنی زندگی کی ناکامیاں اور کامیابیاں سامنے آنے لگیں جہاں جہاں صحیح سمت فوکس کیا کامیاب ٹھہرے اور جہاں دھیان کہیں اور لگایا ناکام ھوگئے۔
وقت نے بار بار توجہ دلائی ادھر دھیان کرو ادھر دھیان کرو پانچ دفعہ دن میں موذن دھیان دلاتا رھا فلاح والے راستے پر آجاو فلاح والے راستے پر آجاو پر دھیان ھی کہیں اور تھا۔ 
جب بھی سوچا کبھی پانی بہت ٹھنڈا تھا اور کبھی موسم بہت گرم لیکن شاید فوکس اب ٹھیک کام کرنے لگ گیا ھے آج سارا دن طہارت اور وضو کا خیال رکھا ۔ دفتر میں قبلہ سمت بھی معلوم ھوگئی اور وضو کیلئے تولیہ اور ھوائی چپل بھی خرید لی ۔ تولیہ لٹکانے کا کیل بھی لگوالیا اور شکر بھی ادا کیا اللہ کا کہ آپ نے اس سلو فوکس کو بالآخر فوکس کروا ھی دیا ۔ 
آج سب کچھ کلیئر تھا ابھی باھر مرغے آذانیں دے رھے ھیں اور میں بہت دھیان سے سن رھا ھوں کہ پرندے جانور سب فوکس ھیں سب کا دھیان اپنے رب کی طرف ھے اور ھم کس چکروں میں پڑے ھوئے ھیں۔
کل نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی کا تھیسزز ڈسپلے تھا سب کے کام بہت دھیان سے دیکھے کچھ اپنے کام پر فوکس تھے اور کچھ کو اندازہ ھی نہیں تھا انہوں نے کیا کیا ھے۔ میری بیٹی ساتھ تھی ھم مختلف کام دیکھ رھے تھے ڈسکس کر رھے تھے اور اگے بڑھتے جارھے تھے بابا جی یہ کیا ھے کچھ نہیں پتر جس نے بنایا ھے اس نے دھیان سے نہیں بنایا نہ اس کو پتہ ھے یہ کیا ھے اور نہ ھمیں۔ 
انسٹالیشن فائن آرٹ کی ابھرتی ھوئی شکل ھے ۔ لیکن یہ ھرگز بھی اس لیئے نہیں ھے کہ آپ کو کچھ سمجھ نہیں آرھا تھا اور آپ نے انسٹالیشن بنالی ۔ شیشہ منعکس کرنے کیلئے ایک بہت عمدہ میٹریل ھے پر سلور رنگ کا پلاسٹک ھرگز بھی یہ کام عمدگی سے نہیں کر سکتا سپروائزر حضرات کو اس طرف دھیان دیا چاھیئے تھا۔ 
کچھ عرصہ پہلے نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی جانے کا اتفاق ھوا تو واشلز کی مدد سے بنی ایک عورت کا مجسمہ دیکھا بہت بھلا لگا لیکن یہ کیا مصور کا دھیان واشل میں ھی اٹک گیا اور کئی واشلز کی مدد سے تیار کردا بے ربط مجسمے کالج کے صحن کو آلودہ کر رھے تھے ۔
ڈیزائن اور آرکیٹیکچر میں بھی بہت اعلی کام دیکھنے کو ملے حسان طارق کا کام اس کے پوسٹر اور ایپ بندے کا دھیان اپنی طرف کھینچتی ھے۔ ولیجہ میر کا تھیس بھی دلچسپ تھا پر اتنا ڈر نہیں لگا جو سوچا تھا اور منیچر آرٹ میں ایک بچے نے مختلف پرندوں کے پروں پر بہت دھیان سے کام کیا تھا۔ نعمیرہ جاوید کا دھیان گاڑی کے پچھلے شیشے سے آگے کی جانب دیکھنے پر کیا نظر آتا ھے اگر آپ اپنی گاڑی سے اگلی گاڑیوں کے پچھلے شیشے کو دیکھیں جو منظر نظر آتا ھے وہ کیا ھوتا ھے بہت مہارت سے پینٹ ھوا اور سر عاصم اختر اور سر عقیل سولنگی نے جس طرح ڈسپلے کروایا اس سے کام مزید سنور گیا اور سارے ڈسپلے بتا رھے تھے کہ آرٹسٹوں کا دھیان کدھر ھے۔ 
میرے گاوں کی لڑکی لاریب کے نیند کے آخری پہر کے خواب اور ان کا ڈسپلے بھی عمدہ تھا طلحہ کی پینٹنگز بھی ڈسپلے کے بعد مختلف نظر آئیں ۔ بہت اچھا تھیسزز تھا اللہ سب کو انکی محنتوں کا پھل عطا کریں امین۔
اپنا فوکس اپنی منزل پر رکھیں انشاءاللہ میرے اللہ آپکو کامیابی عطا کریں گے منزل اور فوکس زندگی میں وقتا فوقتا بدلتا رھتا ھے اس سے حرج کچھ نہیں لیکن ایک وقت میں فوکس ایک جگہ ھی رکھیں آسانی ھوگی۔ 
بیوی کی آواز کانوں میں گونج رھی ھے اظہر صاحب اپنی بیٹیوں پر دھیان دیں پتہ نہیں انکے دھیان کدھر ھیں۔ 
اس سادہ لوح بیٹیوں کی ماں کو کیا بتاوں انکے باپ کو عمر کے آخری حصے میں سمجھ آرھا ھے دھیان کدھر رکھنا ھے یہ تو ابھی بچیاں ھیں ۔ 
نماز قائم کرو دھیان سجدے والی جگہ پر رکھنا ھے اور اپنے آپکو اللہ تعالی کے آگے پیش محسوس کرنا ھے آنسو تو خود ھی چل پڑھتے ھیں جب دھیان ادھر ھوجائے پھر دعا کیسے قبول نہ ھوگی اللہ سب کے فوکس اور دھیان انکی منزل کی طرف مرکوز کروادیں انشاءاللہ سب کامیاب ھوجائیں گے۔
میرے چیف جسٹس کچھ دن رہ گئے ھیں تھوڑا دھیان انصاف کی طرف بھی۔ میرے وزیراعظم کچھ دھیان پاکستان کی طرف بھی۔ اللہ آپ سب کیلئے آسانیاں کریں امین

Prev لاھور
Next زندگی کا سفر

Comments are closed.