میں کیوں صفائیاں دوں

میں کیوں صفائیاں دوں
تحریر محمد اظہر حفیظ

جو کام میں نے کیا ھی نہیں اس کا جوابدہ بھی میں نہیں ھوں۔ پاکستان میں کس کی حکومت ھے اور کیوں ھے میں کیوں صفائیاں دوں۔ جس کی ذمہ داری ھے ملک چلانا وہ یوٹیلٹی سٹورز کے دورے فرما رھا ھے اس سے پوچھو مہنگائی کیوں ھے۔میں کیوں بتاوں۔ مجھے میری ذمہ داری تک رھنے دیں ۔ چار بیٹیاں ایک بیوی اور میں ۔ چھ ھم اور ساتویں میری نوکری۔ الحمدللہ میرا دین اسلام ھے۔ اللہ کو واحدہ ھو لاشریک مانتا ھوں ۔ اسی کو سجدہ کرتا ھوں۔ شیطان بھی اللہ کی مخلوق ھے۔ اللہ کے ھی اختیار میں ھے۔ جو اللہ کی پناہ میں ھو تو شیطان کی کیا مجال اسکو تنگ کرے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ھمارے آخری نبی ھیں اور نبیوں کے سردار ھیں۔ انکے بعد نہ کوئی نبی اور رسول آیا ھے اور نہ ھی آسکتا ھے۔
جو میرے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی نہیں مانتا کافر ھے مشرک ھے لادین ھے۔ میری بیٹیوں کو جو اللہ بہتر سمجھتے ھیں بنا دیں گے اور ان کے اچھے نصیب کریں گے انشاءاللہ۔ میرے لئے میرے اللہ ھی کافی ھیں۔ میرے والدین انکے پاس چلے گئے ھیں ھم نے بھی جلد چلے جانا ھے۔ مجھے میرے رب نے جہاں پہنچانا تھا پہنچا دیا۔ شکر الحمدللہ، شکر الحمدللہ۔
میرے اللہ سے بہتر میرے لئے کوئی چاہ نہیں سکتا اور اگر نقصان پہنچانا چاھے تو میرے رب کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں۔
میری اپنے آس پاس کے لوگوں سے درخواست ھے نہ تو فالتو بات کریں اور نہ ھی سوال کیونکہ میرے پاس ایسی بات سننے کیلئے نہ تو وقت ھے اور نہ ھی جواب دینے کیلئے۔
میں اپنی پڑھائی، فیملی، نوکریوں میں مصروف ھوں اور اپنے رب کو ھی مکمل طور پر اپنا سمجھتا ھوں۔ فضولیات کیلئے وقت نہیں ھے۔ میں ایک عام سا فوٹوگرافر ھوں اور پہلے نمبر کی دوڑ میں شامل ھی نہیں ھوں۔ نہ مجھے یہ پتہ ھے کہ کیمرہ کونسا اچھا ھے اور کمپنی کون سی اچھی ھے اور لینز کونسا اچھا ھے ۔ اپنا وقت ضائع مت کیجئے اپنے کام سے کام رکھیئے۔ اولاد میری الحمدللہ ابھی پڑھ رھی ھے ۔ مجھے ان سے بھی کوئی پہلی پوزیشن کی تمنا نہیں ھے۔ سب کے والدین کا احترام کرتا ھوں کرتا رھوں گا انشاءاللہ۔
میں ایک عام سا انسان ھوں مشینی زندگی نہ میرے سے جی جاتی ھے نہ جی سکتا ھوں۔ آپ سب سے درخواست ھے ۔ جی لینے دیں۔ جب میں کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا آپ کون ھیں یہ سب کرنے والے۔ جیسے محنت کا کوئی توڑ نہیں ھے اسی طرح کام چوری کا بھی کوئی جوڑ نہیں ھے۔ ھر ایک کو خود جینا ھوگا۔ فوج اپنی ذمہ داری نبھا رھی ھے حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رھی ھے۔ نبھائے انکا یہی کام ھے۔ کشمیر آزاد ھوجائے، ناگا لینڈ، آسام، پنجاب سب آزاد ھوجائیں خوش آئند بات ھے لیکن ھمیں ساتھ ساتھ بلوچستان کو بھی دیکھنا ھے۔ جس کے گھر ڈکیتی ھوتی ھے اس کو پتہ ھوتا ھے کیوں ھوئی اور جب کوئی لاپتہ ھوتا ھے تو اس کے گھر والوں کو بھی پتہ ھوتا ھے، پھر ھم کونسے دانشور ھیں جو بحث کریں، دلائل دیں، دفاع کریں۔ جب کہتے ھو دنیا مقافات عمل ھے تو پھر برداشت کرو۔ جو کیا ھے سزا تو ملے گی۔ کوئی جج کرلو، کوئی وکیل کرلو، اگلے جہاں خود ھی سب کا جواب دینا ھے۔ جس لائن میں ھم کھڑے ھوں گے یہ سب جرنل، صدر، وزیراعظم، وزیر، فقیر، گلوکار، اداکار، متقی، پرھیزگار، گنہگار، مردوعورت سب اسی لائن میں کھڑے ھونگے جواب دینگے اپنی ھر حرکت کا، ھر گناہ کا، ھرنیکی کا۔
پھر میں کسی کی صفائیاں کیوں دوں۔ میری کوشش ھے اللہ کے فضل سے اپنی زندگی اور آخرت اسان کرلوں، آپ بھی کوشش کرلیں۔
جان تو سب نے اللہ کو دینی ھے تو پھر بھاگ دوڑ صفائیاں، نیب،ایف آئی اے، پولیس تھانے کچہریاں، جج، وکیل، جیل، سزا، جزا کس کے لئے ۔ کسی کی نان چوری میں ھاتھ کاٹنے کا حکم اور کسی کی اربوں چوری میں بیرون ملک علاج طریقہ اچھا ھے اسی طرح اسکے پیسے لگواو۔ کہیں یہ علاج بھی تو سرکاری نہیں ھے سابقہ وزیراعظم اور صدر کا ۔ خرچہ پھر عوام کا۔ میں لڑ رھا ھوں ھر مہینے سب بل اور فیسیں وقت پر ادا کرتا ھوں بس کھانے کیلئے پیسے نہیں بچتے۔ شکر ھے کھانے کا وعدہ اللہ کا ھے تو گزارا ھو ھی جاتا ھے۔ کاش بلوں اور فیسوں کی ذمہ داری بھی وھی لے لیتا اور ھم قبر میں جانے سے پہلے بھی شاید سکون کا سانس لے لیتے۔ اور ھماری حکومت کی ذمہ داری کم ھو جاتی۔ ضروری نہیں جو آپ سوچ رھے ھیں سب ویسا ھی ھو۔ کچھ اور بھی تو ھوسکتا ھے۔ سوچ بہتر کیجئے، اچھا سوچئے، اچھا کیجئے، جینے دیجئے۔ شکریہ

Prev علم
Next لئی

Comments are closed.