پاکستان کی نیشنیلٹی

پاکستان کی نیشنیلٹی

تحریر محمد اظہر حفیظ
میں آپکو پاکستان کی نیشنیلٹی کی دعوت دیتا ھوں۔ آج اسد صغیر میرے دوست اور چھوٹے بھائی آسٹریلیا سڈنی سے آئے ھوئے تھے انکا سارا گھر بھی میرا دوست ھے ان کے والد صاحب چچا اور بھائی وغیرہ بہت اچھی فیملی ھے۔ اسد 2010 میں آسٹریلیا چلا گیا اس سے پہلے پاکستان ٹیلیویژن کارپوریشن میں ھمارا ساتھی تھا۔ آج ملاقات ھوئی بہت سی پرانی یادیں تازہ ھوئیں۔ فخر حمید صاحب مرحوم اور مرحومہ باجی حمیرا فخر کیلئے دعا بھی کی۔ ساتھ ھی ھم نے پرانے دوستوں کو بھی بلا لیا اور خوب ھنسی مذاق چلا بہت عرصے بعد کھل کر ھنسے۔
اسی دوران اسد بھائی کے دو دوست بھی تشریف لے آئے۔ چائے کا دور چل رھا تھا اسد بھائی نے پوچھا آپ دونوں میں سے کون باھر جانا چاھتا ھے تو دونوں یک زبان ھو کر بولے دونوں اور ساتھ باقی بیٹھے دوستوں نے بھی معلومات لینا شروع کر دیں۔ خرچہ کتنا ھوتا ھے۔ کس چیز کے کتنے نمبر ھیں چار پانچ لاکھ تو لگ ھی جاتے ھیں اسد بھائی کچھ دوست کہتے ھیں سترہ لاکھ لگتے ھیں ویزہ ٹائپ پر منحصر ھے۔ عمر کے نمبر، تعلیم کے نمبر،نوکری کے تجربہ کے نمبر، بیوی کی تعلیم کے نمبر ۔ انگریزی زبان کے ٹیسٹ کے نمبر ،کونسی سٹیٹ میں جانا چاھتے ھیں اس کے نمبر وہ سب تفصیل بتارھے تھے اور سب دوست بہت انہماک سے سن رھے تھے۔ میں سوچ رھا تھا اگر اتنی محنت اور پیسہ ھم پاکستان کی نیشنیلٹی کیلئے کرلیں ملک بھی سنور جائے گا اور ھم بھی۔
جتنے مواقع پھلنے پھولنے گھومنے کھانے پینے کمانے کے اس ملک میں ھیں کہیں اور نہیں۔ 
ھم ھمیشہ مثالیں امریکہ ،برطانیہ ،کینیڈا، فرانس، کے صدر اور وزیراعظم کی دیتے ھیں وہ کہاں سے کہاں تک پہنچے۔ دوستو آپ کیوں نہیں اپنے ملک کو دیکھتے، وزیر اعظم نواز شریف صاحب جیسا صابن سلو،صدر زرداری صاحب جیسا ٹکٹ فروش، صدر ممون حسین جیسا گونگا، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف جیسا سروس کا ملازم، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی صاحب جیسا گدی نشین ، وزیراعظم عمران خان صاحب جیسا کرکٹر وزیراعظم اور صدر بن سکتے ھیں تو آپ کیوں نہیں۔
اس ملک میں بہت مواقع ھیں آپ میٹر ریڈر سے وزیر بن جائیں، جرنلسٹ سے اخبار اور چینیل کے مالک بن جائیں ، رنگ کے ٹھیکیدار سے سب سے بڑے ھاوسنگ کے ڈویلپر بن جائیں، میڈیکل سٹور سے بی ایم ڈبلیو کا کارخانہ لگا لیں، رکشہ ڈرائیور سے لیڈر بن جائیں، اپنی یونیورسٹی کھول لیں، اپنے کالج کھول لیں،میڈیسن کمپنی کھول لیں ،ھاکر سے اخبار کے مالک بن جائیں، اگر زبان میں لکنت ھے تو اینکر بن جائیں ، اینکر بن گئے تو گلو کار بن جائیں ، اور کچھ نہیں تو عالم آن لائن بن جائیں یا پھر قطب آن لائن بن جائیں ۔ یہاں سب ممکن ھے ھمارے ایک دوست نے لکھا تھا ھن تے کجھ وی ھوسکدا اے رکشہ چن تے جا سکدا اے ۔ 
یہ دھرتی ھے میرے ملک کی یہاں ھیں امکان بہت۔
کوئی کچھ بھی کرسکتا ھے۔ 
ایک بس ھاکر اپنی بس سروس شروع کر سکتا ھے۔ سائیکل پر کپڑا بیچنے والا ٹیکسٹائل کی صنعت کا مالک ھو سکتا ھے۔ سرکاری زمین آپکی ھوسکتی ھے آپ زندہ سے مردہ ھو سکتے ھیں اور مردہ سے زندہ بھی۔ یہاں ھر بندہ بے پناہ طاقت کا مالک ھے نعوذ باللہ ۔
جس کو دیکھو عجیب فرعونیت کا شکار ھے کہتا ھے تو مجھے جانتا نہیں میں کیا کرسکتا ھوں، کس کس کو بتائیں سب اللہ کی مخلوق ھیں۔
ایسے ایسے ھنر مند یہاں جو پیسہ بھی ڈبل کر دیتے ھیں اور محبوب بھی آپ کے قدموں میں، شوھر بھی تابع اور رشتے کی بندش بھی دور،
اولاد نرینہ ایک تعویز سے،پرائز بانڈ نمبر ھم سے پوچھیں، کل کے میچ کا رزلٹ جانیں اور جوئے پر پیسے لگائیں، جنت کا راستہ بھی انکو پتہ ھے اور حوریں بھی انکو ھی ملنی ھیں۔ جو چاھے بنائیں لکڑی کے برادے سے مسالے اور چنے کے چھلکے سے چائے پتی، کینسر کا علاج ایک پڑی سے ۔ 
چائے کے ڈبے میں عمرے کے ٹکٹ بمعہ سفری اخراجات، سب یہاں ملتا ھےمیرے ملک میں۔ 
آپ چار جماعت پاس ھیں تو تشریف لایئے اردو ادب آپ کا منتظر ھے لکھئے نام کمائے، یہاں لوگ خواب دکھاتے بھی ھیں اور لکھتے بھی ھیں۔ سنا تھا دلوں کے حال صرف رب باری تعالی ھی جانتے ھیں پھر شبیر کون ھے جو سب دیکھتا ھے اور جانتا ھے۔ 
دعوت عام ھے آیئے اور پاکستان کی نیشنیلٹی لیجئے اگر کچھ بننا ھے تو۔ ورنہ لاکھوں لگائے اور انتظار کیجئے سیکورٹی گارڈ کی نوکری کا ۔ 
ھر سال تشریف لائے ماں باپ سے ملئے اور انکو اپنی فتوحات اور باصول معاشرے کی باتیں سنائے اور انتظار کیجئے اس فون کا جس کا سب کو انتظار ھوتا ھے یار میرا انتظار کرنا دفنانا نہ میں نے منہ دیکھنا ھے۔ جب زندوں کا منہ نہ دیکھا تو مرے ھوئے کا کیا دیکھنا ۔ خود ھی کہتے ھو یہ زندگی عارضی ھے پھر انتظامات کس چیز کیلئے کر رھے ھو۔ 
پہلی فرصت میں پاکستانی بنئے محنت کیجئے اور نیشنیلٹی کارڈ حاصل کیجئے ۔ روزانہ اپنے گھر آئے ماں باپ بہن بھائی بیوی بچوں سے ملئے۔ اگر بیرون ملک جائے بغیر گزارا نہیں تو برائے مہربانی بیوی بچوں اور والدین کو بھی ساتھ لے جائے پیسہ سب کچھ نہیں ھے اپنی زندگی میں بیوی بچوں کو بیوہ اور یتیم والی زندگی مت دیں زندہ ھونے کا ثبوت دیں ان کے ساتھ رھیں۔
شاد رھیں، آباد رھیں امین

Prev میرا دل 
Next تصویر اور تصویروں سے تصویر

Comments are closed.