پرندے

پرندے

تحریر محمد اظہر حفیظ

پرندوں سے زندگی کے مختلف ادوار میں مختلف تعلق رہا۔ ہر دور میں سیکھنے کو ملا۔ لوگ طوطے کو بولنا سکھاتے ہیں اور میں مختلف پرندوں سے سیکھتا تھا۔ ساتویں کلاس میں اباجی نے ائیرگن لے دی اور ساتھ اصول بتائے جس طرف نشانہ لیں دھیان رکھنا ہے پیچھے کوئی انسان نہ ہو۔ کسی انسان کو نشانہ نہیں بنانا جی بہتر۔ زیادہ شکارچھپکلیاں ہی کرتا تھا۔ تھوڑے بڑے ہوئے تو نشانہ پختہ ہوگیا تو خالہ زاد بھائی میاں نواز احمد نے بارہ بور کی ایک ڈبل بیرل گن تحفہ دی اور محترم دوست آصف شاہ جی نے لائسینس بنوادیا۔ اب ہم پرندوں کے شکاری ہوگئے۔ بھائیوں میں نشانہ سب سے اچھا میاں پرویز بشیر بھائی کا ہے انھوں نے شکار کے اصول اور نشانہ لینے کے طریقے بتائے۔ ہم ایک کارتوس سے ایک پرندہ شکار کرنے کی کوشش کرتے اور بھائی اسی طرح کے کارتوس سے چار سے پانچ پرندے شکار کرلیتے۔ پھر رات کو سرچ لائٹ کی مدد سے ہم خرگوش کا شکار کرنے جاتے اب جنون سیکھنے کا تھا سیکھتے رہے کب پرندہ اڑتا ہے اور ٹرن لیتا ہے تواس پر فائرکرنا ہے۔ کتے کو کب اشارہ کرنا ہے کہ پرندہ اڑائے ایک نئی دنیا تھی۔ کن مہینوں میں شکار نہیں کرتے بریڈنگ سیزن ہے ۔ پھر احساس ہوا شکار کھیلنا شاید ظلم ہے اور شکار کھیلنا چھوڑ دیا ، شکار والی بندوق کے بدلے حفاظتی اسلحہ لے لیا۔ ایک نئے دور میں داخل ہوگئے پرندوں کی فوٹوگرافی ۔ پرندوں کی نفسیات کب پرندے نکلتے ہیں، کہاں پانی پیتے ہیں ، کس طرح کی آوازیں نکالتے ہیں پرندے کتنی قسم کے ہیں ، اسلام آباد میں 600 سے زائد قسم کے پرندے پائے جاتے ہیں، ان کے بچے کونسے مہینوں میں آتے ہیں۔ نام کیا ہیں بہت تصویریں بنائیں اور انکے مزاج کو سمجھا، کئی کئی دن ایک ایک پرندے پر لگ جاتے اور تصاویر بن جاتیِ ۔ 2021 میں کچھ جگر کے مسائل شروع ہوئے اور کیمرہ اٹھانا مشکل ہوگیا، اور 2022 کے شروع میں جگر ٹرانسپلانٹ ہوگیا۔ اب پہلی دفعہ آرام کرنے کا وقت ملا میں لیٹا رہتا اور میرا دماغ سفر کرتا رہتا۔ کہ اب کرنا کیا۔ بھائی عثمان شاہ دین جب بھی آتے پرندوں کی باتیں کرتے۔ اب ایک نئی راہ پر سوچنا شروع کردیا۔ اور ریسرچ شروع کردی۔کہ پرندوں کی بریڈنگ کیسے کرتے ہیں۔ عبدالواحد صاحب کراچی اور منور بھائی اسلام آباد سے پہلے ہی ملاقاتیں تھی۔ کاشف بھائی، عبدالرزاق بھائی بھی راہنمائی کرتے رہتے تھے، میری پسند کی جگہ ان دوستوں کی وجہ سے لیک ویو پارک ایوری تھی۔ اب پرندوں سے دوستی تھی جوکہ پہلے بطور شکاری دشمنی تھی تعلق بدل چکا تھا۔ میں نے پرندے رکھنے کا سوچا اور اس کیلئے کیج اور پرندے خریدنا شروع کیئے۔ بہت سے یوٹیوب چیننل دیکھے ماشاء الله سے کوئی بھی مکمل بات نہیں بتا رہا تھا۔ ادھوری باتیں تھیں باتیں ایک ہزار سے شروع ہوکر پچیس تیس لاکھ تک جارہی تھیں۔ میں نے سب غور سے سنی اور پھر اپنے فیصلے خود کیئے۔ ہرپرندے کے حق اور مخالفت میں فلمیں موجود ہیں۔ پر میں نے تو ہمیشہ اپنی فلمیں بنائی ہیں۔ اور ایسا ہی کیا سسٹم بنایا اور بسم اللہ کردی۔ پہلا فائدہ یہ ہوا کہ میں سیاسی ویڈیوز سے دور ہوگیا اور میرے بیوی بچے موبائل سے دور ۔ الحمدللہ ہمارا پہلا سیٹ اپ مکمل ہوچکا ہے اور انکے باکسز لگ چکے ہیں انڈے اور بچے آنا شروع ہوگئے ہیں۔نئے آنے والے مہمانوں کیلئے نیا سیٹ اپ بھی تیار ہو چکا ہے۔ رونق لگ گئی ہے۔ مختلف نسل کے پرندے ہیں ۔ اور انکے مختلف مزاج ہیں۔ اگر آپ روازنہ صبح شام انکے ساتھ کچھ وقت گزاریں تو سڑیس نام کا لفظ آپ کی زندگی سے ختم ہوجائے گا۔ انشاء الله ۔ اگر آپ کے پاس محدود وسائل ہیں تو 600 روپے کا ایک چھوٹا پنجرہ اور 1000 روپے کا زیبرہ فنچ کا جوڑا لے لیں ۔ اس سے زیادہ کھیلنے اور مزے کرنے والا شاید ہی کوئی پرندہ ہو۔ پھر خوراک اور پانی وقت پر دیں اور انکا مزہ لیں ۔ اگر پیسے کچھ زیادہ ہوں تو اسی فارمولے کو فنچز کی کالونی میں بھی لگا سکتے ہیں ۔

میں نے مختلف پرندوں کو جاننے کیلئے انکی بریڈنگ شروع کی سیزن یکم ستمبر سے شروع ہوچکاہے۔ اور مہمان آرہے ہیں۔ وٹامنز اور صفائی کا بہت خیال رکھنا ہڑتاہے، دوائی ہمیشہ دائیں طرف سے دیتے ہیں، بائیں طرف سانس کی نالی ہوتی ہے۔ بہن بھائی، ماں بیٹا کے جوڑے نہیں بناتے، ورنہ انڈے فرٹائل نہیں ہوتے، بچے مرجاتے ہیں کمزور ہوتے ہیں۔ رب کا نظام ہے پرندوں میں بھی حیا اور شرم کاپہلو قائم رکھا۔ فنچیز، جاوا، چائنیز فاختہ، لو برڈ، کاک ٹیل، گرے، رنگ نیک، مکاو اور بہت سی نسلیں۔ جتنی پرندوں کی نسلیں اس سے کہیں زیادہ یوٹیوبرز کی نسلیں ۔ سب اپنا اپنا چورن بیچ رہے ہیں، اور پیسے کما رہے ہیں۔ بلکل کمائیں لیکن ہرگز،بھی عوام کے جذبات سے مت کھیلیں ۔ یہ ایک اچھا شوق اور کاروبار ہے لیکن اپنی سوچ سمجھ کے مطابق،کریں۔ اللہ تعالی اپنا فضل اور کرم کریں گے۔ پہلے اس کام کوسمجھنا بہت ضروری ہے باقی سب بعد کی باتیں ہیں۔ جب فوٹوگرافی کرتا تھا تو مجھے سب پرندوں کے نام نہیں آتے تھے اور آج ان سب پرندوں کے نام بھی مجھے نہیں آتے ۔ میرے لیے یہ سب لوبرڈز ہیں اور میں ان سے پیار کرتا ہوں۔ ساری زندگی نمبرز کیلئے پڑھائی نہیں کی نتیجہ ہمیشہ رب پر چھوڑا اور اس نے ہمیشہ اپنا فضل اور کرم کیا۔ آج بھی محنت جاری ہے اور رزلٹ اللہ باری تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے۔ سارے پرندے اچھے ہیں انکی قیمتوں اور نسلوں کے حساب سے پیار مت کیجئے سب برابر ہیں۔ انشاء الله برکت ہوگی۔ پرندے ، پنجرے، خریدنے کیلئے پہلے مناسب ہوادار جگہ کا بندوبست کریں ، پھر کام شروع کرنے کا سوچیں۔ بہت اچھا تو نہیں پر جس ماحول میں آپ خود رہتے ہیں تقریبا ویسا ماحول تو ضرور مہیا کریں۔ باقی ضرورت کی تمام اشیاء باآسانی بازار سے مل جاتی ہیں۔ آن لائن خریداری کرتے وقت بیچنے والے کا ریکارڈ ضرور چیک کریں، سنا ہے اس میں لوگ پیسے لیکر پرندے نہیں بھیجتے پر میرا تجربہ سارا اچھا ہے ایسا کچھ نہیں ہوا پر احتیاط ضروری ہے۔ کام اچھا ہے کسی جگہ میں مدد کرسکتا ہوں تو ضرور بتائیں۔ یوٹیوب فیزیبیلٹی بنانے والے جو قیمتیں بتاتے ہیں اور بازار کی قیمتوں میں فرق ہے. اس لیے پریشان نہیں ہونا قیمتیں خود تسلی کرکے پرندے خریدیں۔ ایک سے پانچ لاکھ میں مناسب کام شروع ہوجاتا ہے، اور بڑے سیٹ اپ کیلئے زیادہ پیسے چاہیں۔ وہ آپ کی سہولت اور بجٹ ہے آمدن بھی اسی حساب سے ہے۔ باقی سب اللہ کا فضل اور کرم ہے۔

اس کام میں نفع اور نقصان دونوں ہیں اس لیے یہ کاروبار ہے۔

سلامت رہیں خوش رہیں۔ آمین میرے پی ٹی وی کے دوست سید شہزاد اطہر بھائی، غلام حبیب بھائی کا دلی شکریہ جو ہر لمحہ راہنمائی کیلئے موجود ہوتے ہیں جزاک الله خیر۔

Prev سایہ
Next خاموش

Comments are closed.