گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

تحریر محمد اظہر حفیظ

پاکستان الحمدللہ ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رھا ھے۔ یوں تو سال 2021 کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا۔ 5 فروری کو ھمارے ھیرو محمد علی سدپارا صاحب کے ٹو سر کرتے ھوئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ لاپتہ ھوگئے تھے۔ پھر انکے بیٹے ساجد سدپارا صاحب نے پاک فوج کی مدد سے اپنے والد کو تلاش کیا اور وھیں پر تدفین کی۔ اللہ تعالٰی اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں آمین۔ یہ بھی ایک ریکارڈ ھے کہ بیٹا باپ کی محبت میں اس بلندی پر جائے اور انکو تلاش کرے اور خود تدفین کرے، اللہ تعالٰی انکے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائیں آمین، گورنمنٹ آف پاکستان کا شکریہ جنہوں نے محمد علی سدپارا صاحب کو قومی اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا، اسی سال پاکستان کا بیٹا شہروز کاشف ماشاءاللہ سے ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کے بعد کے ٹو بھی سر کر چکا ھے ۔ شہروز کاشف نوجوان ترین پاکستانی ھیں جنہوں نے یہ ریکارڈ قائم کئے ھیں اور اللہ کے فضل و کرم سے دوسری بڑی چوٹیوں کو سر کرنے کیلئے پر عزم ھیں، انشاءاللہ یہ پاکستان کا بیٹا پاکستان کا نام مزید روشن کرے گا۔ اللہ تعالٰی صحت کےساتھ ایمان والی زندگی عطافرمائیں آمین ، ھمارے دوست ضیغم چوہان اور انکے دو ساتھی موٹر بائیکس پر کے ٹو بیس کیمپ پر جانے کیلئے روانہ ھوچکے ھیں، یہ پہلے تین جوان ھونگے جو کے ٹو بیس کیمپ تک موٹر بائیکس پر جائیں گے۔ اور ورلڈ ریکارڈ بنائیں گے، انشاءاللہ،

پہلے ٹریکرز کے ٹو بیس کیمپ تک ٹریک کر کےجاتے تھے، پاکستانی فوج ان سب معاملات میں بہت مدد کرتی ھے، جب ضیغم چوہان بھائی نے اپنے پروجیکٹ کے بارے میں بتایا تو دل بہت پریشان ھوا۔ کہ چھوٹے چھوٹے بچے ھیں سمجھانے کی بھی کوشش کی پر وہ ایک جنونی انسان ھے ۔ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ یہ ریکارڈ بنا کر ھی چھوڑے گا انشاءاللہ۔ اللہ تعالٰی کامیابی عطا فرمائیں آمین، سوچتا رھا کہ جس طرح ٹریکرز کیلئے پاک فوج نے ٹریک بنائے ھوئے ھیں۔ تاکہ وہ آسانی سے جا سکیں۔ شاید اس کوشش کے بعد سپورٹس موٹر بائیکس کیلئے بھی ٹریک بن جائیں، دل خوش ھوا کہ صحتمند سرگرمیاں پروان چڑھ رھی ھیں اور ملک کا تو پتہ نہیں پر پنڈی بوائز تو ضرور کے ٹو بیس کیمپ تک ون ویلنگ کرکے جانے کی کوشش کریں گے، اور ریکارڈ بناتے چلے جائیں گے، چودہ اگست 2021 کو یہ جان کر خوشی ھوئی کہ الحمدللہ موٹر سائیکل ٹریک کے ساتھ ساتھ سائیکل ٹریک بھی بنا دیا ھے، اور اس پر نوجوان ایتھلیٹ اور سائیکلسٹ ثمر خان نے سائیکل پر کے ٹو بیس کیمپ تک جانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا ھے، وہ ناصرف پہلی سائیکلسٹ ھیں جو کے ٹو بیس کیمپ تک گئیں ھیں بلکہ وہ پہلی خاتون سائیکلسٹ بھی ھیں جو کہ کے ٹو بیس کیمپ تک گئی ھیں، پاکستان ورلڈ ریکارڈ پر ورلڈ ریکارڈ بنا رھا ھے۔ ھماری لڑکیاں ریکارڈ بنانے میں مردوں سے آگے نکل گئی ھیں، اسلام آباد سے جو پہلے بلدیاتی ناظم بنے انھوں نے اسلام آباد میں کئی جگہ سائیکل ٹریک بنوائے جب شام کو شاہراہ دستور پر واک کیلئے نکلتا ھوں تو اکثر مرد و خواتین کو سائیکل چلاتے دیکھتا ھوں۔ پر کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ خواتین مردوں سے بھی بازی لے جائیں گی، میری بچپن سے خواھش تھی کہ لاچہ اور کرتا پہن کر چاند پر جاوں پر پھر پتہ چلا کہ موزوں لباس نہیں ھے ۔ چاند پر جانے کیلئے میری حسرت دل میں ھی رہ گئی، پر ثمر خان صاحبہ نے اپنے علاقائی لباس میں وھاں پہنچ کر بھی ماشاءاللہ ایک ریکارڈ قائم کردیا۔ ھمارا ایک نوجوان عثمان ارشد اوکاڑہ سے پیدل سفر کرکے خجراب جارھا ھے ماشاءاللہ سے کیوائی پہنچ گیا ھے، اللہ تعالٰی اس کم عمر بچے کو بھی یہ ریکارڈ بنانے میں کامیاب کریں آمین، امید ھے ھماری پاک فوج اس بچے کی مدد کرے گی اور خیال بھی رکھے گی، جس طرح خیال رکھنا انکی صفت ھے، سب ریکارڈ ھولڈرز کو مبارکباد جن کے ریکارڈ بن گئے ھیں یا ابھی سفر میں ھیں ، اللہ تعالٰی مزید کامیابیاں عطا فرمائیں آمین،

پاک فوج زندہ باد

پاکستان پائندہ باد

 
 
Prev پاکستان
Next دیکھیں نہیں محسوس کریں

Comments are closed.