آسان زندگی
آسان زندگی
تحریر محمد اظہر حفیظ
چائے کھوکھے پر پچاس روپے کا ملتی ھے اور چائے خانہ پر پانچ سو روپے کی، اس کا ماحول، کرایہ، ڈیکوریشن، عملہ، سب مل کر اس کو مہنگا بناتے ھیں، نہ ھم نے کبھی احتجاج کیا اور نہ ھی اس پر لکھا گیا، تہذیب بیکرز شاید پاکستان کی مہنگی بیکریوں میں سے ھے جہاں لسی کا ایک گلاس تقریبا ڈیڑھ کلو دہی کی قیمت میں ملتا ھے، پر ھم نے کبھی غور نہیں کیا کیونکہ جو صفائی اور ماحول وہ آپ کو مہیا کر رھے ھیں تھڑے پر بیٹھا لسی فروش مہیا نہیں کر رھا، ابھی فیصل آباد گیا تو حیران رہ گیا وھاں آئیڈیل بیکرز پر دو پاونڈ کا فریش کریم کیک پانچ سو روپے کا تھا اور یہاں تہذیب بیکرز پر بارہ سو کچھ روپے کا، اس فرق کی وجہ معلوم کرنے کیلئے اپنے کلاس فیلو طارق چوھدری صاحب جو ماڈرن بیکرز آبپارہ اسلام آباد کے مالک ھیں سے سوال کیا تو انھوں نے فریش ملک اور پاوڈر ملک کا فرق سمجھایا ، اور بتایا کہ روزانہ دس ھزار کلو جعلی کھویا فیصل آباد کو ایک شہر سے سپلائی ھوتا ھے، اس لئے قیمت کا فرق ھے، 1999 میں ڈاٹسن میری گاڑی جوکہ 1980 ماڈل کی تھی اور اس میں سی این جی ، پیٹرول، ھیٹر، اے سی، میوزک سسٹم سب سہولیات تھیں رنگ بھی بیکڈ پلانٹ سے کروایا تھا، سب سہولیات کے باوجود اس کی قیمت کبھی بھی ڈیڑھ لاکھ سے اوپر نہ جاسکی، اسی دور میں بی ایم ڈبلیو 87 لاکھ کی ملتی تھی جو سیف الرحمن صاحب بی ایم ڈبلیو پاکستان کے نام سے لانچ کرنے جارھے تھے ، میں چاھتے ھوئے بھی اس فرق کو سمجھ نہیں سکتا تھا، فائیو سٹار ھوٹلز کے روم کا کرایہ نارمل طور پر تین سو سے چار سو ڈالر ھوتا ھے شاید ساری دنیا میں ھی اور چارپائی ھوٹل جو بس اڈوں کے پاس ھوتے ھیں پچاس سے سو روپے میں آپ کو چارپائی بمعہ بستر مہیا کر دیتے ھیں، پھر کئی طرح کے ھوٹل اس کے درمیان میں آجاتے ھیں جو دو یا تین ھزار سے دس یا پندرہ ھزار تک مل جاتے ھیں بات انکی سہولیات اور ماحول کی ھوتی ھے، شادی کے کھانے پانچ سو فی کس سے شروع ھوکر دس ھزار فی کس تک چلے جاتے ھیں دیکھا یہ جاتا ھے کہ کون کیا مہیا کرتا ھے،
سوٹنگ شرٹ عام طور پر چھ سو سے شروع ھوکر دس ھزار تک چلی جاتی ھے اس کی سلائی، کالر، کف، کپڑے میں بہت فرق ھوتا ھے، پہن کر اتارنے کو بھی دل نہیں کرتا، سو روپے سے لاکھوں تک میں پرفیوم موجود ھیں جتنے پیسے اتنی ھی اعلٰی خوشبو ھوتی ھے، کچھ دوست خوشبو کی نقل لگا کر اصل سمجھتے ھیں، اگر فرق سمجھنا ھے تو دیسی مرغ کڑاہی اور برائلر مرغ کڑاہی کا فرق محسوس کرلیں پتہ چل جائے گا ، مجھے یاد ھے جب پہلی دفعہ بی ایم ڈبلیو نے اے بی ایس بریک متعارف کروائی
، اس کی ریسرچ پر کروڑوں روپے لگے تھے میں اپنے ایک کاروں کے شوقین دوست کو بتا رھا تھا کہ کیسے یہ تالی بجانے کی طرز پر کام کرتی ھے اور گاڑی سلپ نہیں کرتی فرمانے لگے پھر آپ نے میری چھیاسی کرولا کی بریک نہیں دیکھی، وہ دن اور آج کا دن ان سے اس موضوع پر کبھی بات کرنے کی کوشش ھی نہیں کی، بس دل میں توبہ استغفار ھی کرتا رھتا ھوں، میں پچھلے چونتیس سال سے جینز اور شرٹ پہنتا ھوں اور ھزار روپے میں بہترین جینز مل جاتی ھے اور آٹھ سو میں بہترین شرٹ جو میرا تن ڈھانپنے میں مدد گار ثابت ھوتی ھے شکر الحمدللہ،
ڈاکٹر جاوید چاولہ صاحب بہت اچھے دوست اور بھائی ھیں انکے بیٹے ابراہیم چاولہ صاحب اے بی ٹیکسٹائل کے نام سے مردانہ سوٹنگ تیار کرتے ھیں انھوں نے چند سوٹ بطور تحفہ عنایت کئے اور عام کپڑے سے بہت بہتر کپڑا ھے اب عادت بن گئی ھے میں ان کے برانڈ کے ھی شلوار قمیض ھی خریدتا ھوں جو بہت مناسب قیمت اور کوالٹی میں بہت عمدہ ھیں کسی اور کپڑے کو نہ کبھی تجربہ کیا نہ ھی ارادہ ھے، کچھ دن سے مولانا طارق جمیل صاحب کے برانڈ پر بات ھورھی ھے نہ کبھی دیکھنے گیا اور نہ ھی قیمتوں کا اندازہ ھے، مجھے بس اتنا پتہ ھے کہ میں ھمیشہ کاٹن کے ازار بند استعمال کرتا ھوں اور میرے والد صاحب مرحوم ریشمی ازار بند استعمال کرتے تھے جو خود بنوانے پڑتے تھے اور عام ازار بند سے مہنگے بنتے تھے، میرا زندگی میں آسان سا طریقہ کار ھے جس چیز کو میں افورڈ نہیں کرتا اس کی قیمت پوچھنے بھی نہیں جاتا، مجھے نہیں پتہ کہ جنید جمشید صاحب کے سٹور پر کپڑوں کی کیا قیمتیں ھیں اور ثنا صفیناز کیا بیچتی ھیں صفائر کس طرح کا کپڑا بناتا ھے اور ستارہ ٹیکسٹائل کی کیا پروڈکٹس ھیں چین ون کیا بیچتا ھے اور آئیڈیاز پر کیا ملتا ھے، میریٹ میں کیا مینیو ھےاور سرینا کیا پکاتا ھے، کیونکہ میں آسان زندگی گزارتا ھوں میرا نہ تو کسی سے مقابلہ ھے اور نہ ھی میں کرنا چاھتا ھوں، میں بس اپنی اوقات میں رھتا ھوں اور خوش رھتا ھوں، جو نہیں خرید سکتے اس کی قیمت پوچھ کر پریشانی کیوں مول لینی، سارا دن چینی کی لائن میں لگ کر شام کو سوشل میڈیا پر نشاط سٹور، جنید جمشید، مولانا طارق جمیل، صفائر، چین ون، ھمایوں سعید، نادیہ خان کے برانڈ ڈسکس کرنا رواج نہیں شاید فرسٹریشن ھے،
یہ سب بحث کرکے پھر ریپلیکا خریدتے دیکھے جاتے ھیں اور اس کو اصل ثابت کرنے میں لگے رھتے ھیں، حالانکہ نقل کبھی بھی اصل سے بہتر نہیں ھوسکتا، چاھے وہ فوٹو کاپی ھو یا کپڑا۔ یاد رکھیئےکرونا جان لیوا ھے احتیاط کیجئے گھر پر رھیئے، ازاربند سوتی استعمال کیجئے ایک درجن سے زائد مل جاتے ھیں آپکو پریشان کرنے والی قیمت میں،
azhar
May 3, 2021
Blogs
Comments are closed.
Copyright 2020