فرشتے
فرشتے
تحریر محمد اظہر حفیظ
بیٹی کی سرجری کیلئے عائشہ بشیر ھسپتال آنا ھوا۔ عائشہ بشیر ھسپتال گجرات سے چند کلومیٹر پہلے واقع ھے۔ میں چار دن سے قیام پزیر ھوں لوگوں سے مل رھا ھوں، مریضوں سے باتیں ھو رھی ھیں۔ یہ دنیا ھی اور ھے۔ کٹے ھونٹ اور تالو کی پاکستانی سب سے بڑی فری علاج گاہ ھے جہاں دنیا بھر سے ماھر ڈاکٹر تشریف لاتے ھیں فری آپریشنز کرتے ھیں اور ایسے بچے جن کا لوگ مذاق اڑاتے ھیں انکو حسین بنا دیتے ھیں ان کی پلاسٹک سرجری کرتے ھیں سپیچ تھراپی کراتے ھیں انکو بولنا سکھاتے ھیں. پاکستانی ڈاکٹرز اور عملہ کی تربیت کرتے ھیں اور واپس چلے جاتے ھیں ۔ڈاکٹر زاھد رفیق بتا رھے تھے کہ ایک بچے کی پیدائش پر اس کا والد اس کو چھوڑ کر چلا گیا کہ ماں ھی سنبھالے جب اس بچے کا آپریشن ھوا تو اسکی ماں دو گھنٹے تک روتی دعائیں دیتی رھی یہ تو پہچانا ھی نہیں جارھا۔ آج ایک بچی ماھم کا دو گھنٹے طویل آپریشن تھا میں نے سارا آپریشن ھوتے دیکھا۔کمال کے فرشتے ھیں اس کی شکل ھی بدل دی جب وہ اپریشن کے بعد آپریشن تھیٹر سے باھر آئی تو اسکی ماں کو بلایا گیا تو اس کے الفاظ تھے اور میرے آنسو. ماشاءاللہ ماشاءاللہ میری بیٹی تو پہچانی نہیں جارھی میری ماھم کو تو شہزادی بنا دیا۔ آپ سب کا شکریہ۔
ڈاکٹر زاھد رفیق بتا رھے تھے جب میں اور ڈاکٹر ریاض انگلینڈ سے آتے ھیں تو ھمارا تقریبا پچیس ھزار پونڈ کا نقصان ھوتا ھے پر جو ھم کما کر لے جاتے ھیں اس کا کوئی حساب نہیں نہ ھی ھم بیان کر سکتے ھیں۔ مجھے بیس سال ھوگئے ھیں یہاں خدمت کیلئےآتے ھوئے۔
ان تمام دوستوں نے ملکر گجرات، پاکستان میں ھسپتال بنایا ھے جو کسی طرح بھی عالمی معیار سے کم نہیں، ڈاکٹر اعجاز بشیر انکے بھائی اور ڈاکٹر اعجاز صاحب کی بیگم صاحبہ دن رات ایک کئے ھوئے ھیں اور اس ادارے کیلئے لازم و ملزوم ھیں ۔ صفائی ، جھولے، کھانا،مسجد، وارڈز، آپریشن تھیٹر، سٹاف،سپیچ تھراپی، دانتوں کا ڈیپارٹمنٹ، سرجری کا ڈیپارٹمنٹ، ناک، کان،گلہ کا ڈیپارٹمنٹ، خوش اخلاق انتظامی عملہ اس ادارے کو کامیاب ادارہ بنانے میں اھم کردار ھیں۔
میں سچ بتاوں تو میں چار دن سے فرشتوں کے درمیان ھوں اور وہ ان سے پیار کرتے ھیں جن سے اپنے پیار نہیں کرتے اور پھر ان کی شکل میں اللہ کے فضل سے ایسی بہتری کر دیتے ھیں کہ سب ھی ان سے پیار کرنے لگ جاتے ھیں فرشتوں کی ٹیم ڈاکٹر محمد ریاض، مس توصیف ظہور، مس رزل ملاری میراڈو، مس جوھانا اکونا،ڈاکٹر دیا عثمان، مسٹر کرسٹوفر ھل،مس سرینا مارٹن، ڈاکٹر زاھد رفیق، ڈاکٹر شاھد لطیف طارق،ڈاکٹر عمران اطہر، فیرگل ڈیتھی لیوز، مس روزی سلیٹر، نکولس ھوکر، زہرا مجید، شاھبان مہربان شامل ھیں یہ فرشتے آئرلینڈ، انگلینڈ، قطر، سے پاکستان تشریف لائے ھیں اس ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد ریاض صاحب ھیں اور پاکستان میں اس ٹرسٹ کے چیرمین ڈاکٹر اعجاز بشیر صاحب ھیں ۔ ان سے ملئے اور انکی خوش مزاج ٹیم سے اور سیکھئے کیسے خوشیاں باٹنٹی جاتی ھیں۔ 19 اکتوبر 2019 تک یہ ڈاکٹرز کلیفٹ ھسپتال گجرات میں ھیں اگر فرشتے دیکھنا چاھتے ھیں تو تشریف لائیں ۔ اور انکو دیکھیں۔ وہ کیسے خوشی خوشی یہ نیک کام کر رھے ھیں۔ اور یہ ھسپتال سارا سال مریضوں کو خوش آمدید کہتا ھے ۔ یہ مریضوں کے ساتھ ساتھ انکے والدین کے چہروں پر بھی مسکراھٹ بکھیرتا ھے ۔ بے شک یہ سب فرشتے ھی کر سکتے ھیں عام انسانوں کے بس کی بات نہیں ۔
شکریہ ڈاکٹر اعجاز بشیر اور انکی ٹیم کا جو اتنا اچھا ھسپتال بنایا ھے ۔ جزاک اللہ خیر
azhar
October 31, 2019
Blogs
Comments are closed.
Copyright 2020