سستا ترین ملک

سستا ترین ملک
تحریر محمد اظہر حفیظ

پاکستان یقیناً دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔ مجھے پہلے اس بات کا ادراک نہیں تھا۔ پچھلے ایک ماہ میں مجھے اچھی طرح اندازہ بھی ہوگیا اور حکومتی دعوں پر یقین بھی آگیا۔
جب جنوری کی ہہلی تاریخ کو میں اسلام آباد سے چلا تو اپنا پرس جیب سے نکال کر بیگم کے حوالے کردیا۔ اور ابھی تک اسی کے پاس ہے۔
اس میں جتنے پیسے تھے وہ بھی اسی طرح ہیں۔
میں صبح ناشتے میں چار سلائس ڈبل روٹی،تین وائٹ ایگ، چائے کا کپ لیتا ہوں، دس بجے میں کاجو، بادام،آخروٹ،انجیر، مناسب مقدار میں کھاتا ہوں ۔ کیونکہ مجھے ڈاکٹرز کی طرف سے ہائی پروٹین ڈائٹ کا حکم ہے، پھر دوپہر کو میں چھوٹے قیمے یا گوشت کے ساتھ روٹی کھاتا ہوں ساتھ دو انڈوں کی سفیدی کھاتا ہوں اور ایک پیالہ دیسی مرغ کا شوربہ پیتا ہوں، پھر شام کو چائے کے ساتھ شوگر فری بسکٹ کھاتا ہوں ۔ دن میں چار دفعہ واک کرتا ہوں، پھر رات کو قیمہ کے ساتھ روٹی دو انڈوں کی سفیدی ، اور دیسی مرغ کا شوربہ ساتھ ڈرائی فروٹ چلتا رہتا ہے۔ پھر رات کو دیر سے میں مچھلی کھاتا ہوں وہ بھی اس کو ائیر فرائیر میں بناکر۔ منرل واٹر پیتا ہوں، کمرے میں اے سی ھیٹنگ پر لگا ہوا ہے، پانچ بہترین گاڑیاں آنے جانے کیلئے موجود ہیں۔ پتہ نہیں آجکل پیٹرول کا کیا ریٹ ہے، ان سب اعلی خوراکوں اور ماحول کے باوجود میرا کوئی خرچ نہیں ہورہا۔ کپڑے دھلے ہوئے استری شدہ ملتے ہیں ۔ کمرے کی صفائی وقت پر ہوتی ہے۔ کھانا پکا ہوا گرما گرم کمرے میں آجاتا ہے۔ جومیرے بہن بھائی خرچ کر رہے ہیں وہ جانیں انکاکام جانے۔ میں جتنے پیسے لیکر آیا تھا میرے پاس اتنے ہی پیسے ہیں۔ تنخواہ بھی اکاونٹ سے نکلوانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ خرچہ ہی کوئی نہیں ہے، تو میں یہ کہنے میں حق بجانب ہوں کہ پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہے، مجھے پہلے اپنے وزیراعظم صاحب اور انکی ٹیم کی یہ بات سمجھ نہیں آتی تھی۔ لیکن اس ایک مہینے میں یہ بات سمجھ آئی کہ اگر آپ کا خرچہ کوئی اور اٹھا لے تو پاکستان سے سستا ملک دنیا میں کوئی اور نہیں ہے۔ اور خرچہ اٹھانے والا کام بھی پاکستان میں ہی ممکن ہے۔
اگر میں بیمار نہ پڑتا تو مجھے شاید اس حقیقت کا ادراک ہی نہ ہوتا اور میں حکومت وقت کی خدمت میں گستاخی کرتا رہتا ۔
شکر الحمدللہ میں وزیراعظم کے وژن کو سمجھ سکا اور ایک آرام دہ زندگی گزارنے کے قابل ہوسکا۔
اگر آپ بھی سستے پاکستان مزا لیناچاہتے ہیں تو کسی کے گھر مہمان چلے جائیے انکی زندگی اجیرن کرکے سستے ترین ملک پاکستان کا مزہ لیجئے۔
نیا پاکستان میں نے تو دیکھ بھی لیا اور محسوس بھی کرلیا۔ہم اس خوش نصیب نسل میں سے ہیں جنہوں نے وزیراعظم عمران خان صاحب کا سستا ترین دور حکومت دیکھ لیا۔ ورنہ تو یہ کسک دل میں ہی رہ ہی جاتی۔
اگر آپ بھی سستا پاکستان دیکھا چاہتےہیں تو کسی بھی خوشحال بہن بھائی کی طرف ہجرت کر جائیں بیمار ہونا ضروری تو نہیں۔
جب تک وزیراعظم اور انکی ٹیم اپنا خرچ خود نہیں اٹھاتی پاکستان دنیا کا سستا ترین ملک ہی رہے گا۔ یہ ایک ایسا دعویٰ ہے جس کیلئے کسی سروے کی ضرورت نہیں ۔ بس بے حس ہونا ہی کافی ہے۔ ہوکر دیکھ لیجئے ۔ پھر ایک پریس کانفرنس کیجئے گا۔ اور مثال میری دے لیجئے گا۔ کہ بغیر ایک پیسہ خرچے عیاشی کررہا ہے اور زندہ ہے۔ اور کتنا سستا کریں پاکستان میں زندگی کو۔
مزے دار بات یہ ہے کہ ابھی تک میں احساس پروگرام میں رجسٹر بھی نہیں ہوا ہوں ۔ کیونکہ میرے اندر اتنا احساس ابھی باقی ہے کہ میں اس کے اھل نہیں ہوں۔

Prev سورۃ الرحمن
Next دو دل دو جگر

Comments are closed.