مثبت پاکستان

مثبت پاکستان
تحریر محمد اظہر حفیظ

الحمدللہ مثبت پاکستان میں آج پہلا دن ھے۔ صبح ایک وقت پر سب مساجد میں اذان فجر سے آغاز ھوا۔ بہت سہانی صبح ھے روشنی کی پہلی کرن نمودار ھو رھی ھے خالص دودھ بکنے کیلئے مارکیٹ میں آرھا ھے شاید مقدار کم ھو کیونکہ کسی نے کیمیکل اور پانی کا استعمال نہیں کیا۔ اس تبدیلی کا انتظار تھا۔ الحمدللہ
کسان فصلوں کی طرف جارھے ھیں فصلوں پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق سپرے کیا جارھا ھے۔ پانی وافر مقدار میں موجود ھے۔ سب اپنے حصے کے حساب سے پانی لے رھے ھیں ۔ ھر طرف ھریالی ھے اور خوشحالی ھے کھاد ارزاں نرخوں پر دستیاب ھے۔ بلا سود قرضے فراھم کیئے گئے ھیں۔ سب بچے سکول کیلئے تیار ھو رھے ھیں پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کا ایک سلیبس ھے۔ سرکاری سکولوں کی فیس معاف ھے اور سب پرائیویٹ سکولوں کی فیس برابر ھے اس اقدام کیلئے ھم چیف جسٹس کے شکرگزار ھیں۔ سب سکول بچوں کو اسمبلی کے بعد بسکٹ اور دودھ دیتے ھیں۔ ٹیچر شفقت سے پیش آتے ھیں۔ چھٹی کے وقت سرکاری بسیں بچوں کو گھروں میں چھوڑ کر آتی ھیں۔ سب سرکاری ملازم وقت مقررہ پر اپنے دفاتر پہنچتے ھیں اس کیلئے وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ھیں جس سے ٹریفک کا رش بہت حد تک کنٹرول ھوگیا ھے۔ دوپہر کا کھانا سرکاری کینٹین پر ارزاں نرخوں پر مہیا کیا جاتا ھے اور مقررہ وقت پر سب اپنا کام مکمل کرکے گھروں کو چلے جاتے ھیں تمام پرائیویٹ اکیڈمیاں بند ھو گئی ھیں کیونکہ نئے تعلیمی نظام میں اس کی ضرورت نہیں۔ تمام تجاوزات گرا دی گئی ھیں اور ھفتہ وار بازاروں میں انکو سٹال الاٹ کر دیئے گئے ھیں۔ ھر طرف چھوٹے ایک جیسے گھر بن رھے ھیں وافر مقدار میں نوکریاں مہیا کر دی گئی ھیں۔ یوٹیلٹی سٹورز ارزاں نرخوں پر آپ کو تمام اشیاء گھر پر مہیا کرتے ھیں۔ ڈیمز کی تعمیر شروع ھوچکی ھے پانی کا مسئلہ تقریبا حل ھوچکا ھے تمام میڈیا پابند ھے کہ وہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر کوئی خبر دے۔ ریلوے خسارے سے نکل آئی ھے وقت کی پابندی نے انکا یہ مسئلہ حل کیا ھے۔ پی آئی اے کے نئے چیئرمین نے بہتر کارکردگی دکھاتے ھوے اسکا خسارہ کافی حد تک کنٹرول کر لیا ھے جلد ھی وہ منافع بخش ادارہ بن جائے گا انشاءاللہ۔ بجلی کی زائد پیداوار اور سمندر سے ملنے والی گیس نے بجلی اور گیس کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے نرخوں میں بھی نمایاں کمی کر دی ھے۔ جس سے سب چیزوں کے کرائے میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ھے۔ گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے زیادہ تر وزاراء پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ھیں یا پھر اپنی گاڑی۔ پولیس کی فورس فارغ ھونے سے فورس کی کمی بھی کافی حد تک پوری ھوگئی ھے۔ کچھ سرعام پھانسیوں اور سزاؤں سے جرائم کی روک تھام میں کافی مدد ملی ھے۔ تمام تفریحی مقامات پر رش قابل ذکر ھے اور بہتر انتظامات کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ھوئی۔ نان کسٹم کاروں اور موٹرسائیکلوں پر پابندی کی وجہ سے سب لیگل سواریاں ھی نظر آتی ھیں۔ ٹریفک پولیس بہت خوشگوار موڈ میں ھے تھانوں میں جرائم نہ ھونے کی نوید ھے جرائم کے خاتمہ کی وجہ سے اکثر وکلا وکالت چھوڑ کر دوسرے شعبوں میں جارھے ھیں۔ آرٹ کا فروغ زوروں پر ھے۔ نئے ائیرپورٹس پر ماحول بہت دوستانہ ھے۔ کسٹم میں نرمی کی وجہ سے لوگ باھر سے بہت سامان بھیج رھے ھیں گیس اور بجلی کے نرخ کم ھونے پرتمام فیکٹریاں چوبیس گھنٹے کام کر رھی ھیں ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ ھوگیا ھے۔ ھم ترقی کی راہ پر گامزن ھیں تمام ڈیفینس ہاوسنگ اتھارٹیز عام عوام میں تقسیم کر دی گئی ھیں اس سے عوام کا رھنے کا معیار کافی بلند ھوا ھے۔ تمام کینٹ ایریاز عوام کیلئے کھول دیئے گئے ھیں اب اپ بغیر تضحیک وھاں جا سکتے ھیں۔ تمام پبلک ٹوائلیٹس صفائی کا نظام بہتر ھونی کی وجہ سے قابل استعمال ھوگئے ھیں ۔ ڈاکٹرز کی پرائیویٹ پریکٹس بند ھونے کی وجہ سے ھر وقت ڈاکٹر ھسپتال میں موجود ھوتے ھیں۔ خالص غذا کی وجہ سے ھسپتالوں میں رش نہ ھونے کے برابر ھے پارک آباد ھورھے ھیں اور ھسپتال ویران۔ 
الحمدللہ مثبت انتظامات کی وجہ سے مثبت پاکستان وجود میں آچکا ھے۔ شکر الحمدللہ ھمارے خواب ھماری زندگی میں پورے ھوگئے ھیں ھمارے والدین یہ سب دیکھنے کی خواھش لیکر اس دنیا سے چلے گئے۔ لیکن ھم اور ھماری آئندہ آنے والی نسلیں خوش نصیب ھیں جو یہ سب دیکھ رھی ھیں مبارک ھو مثبت پاکستان۔ نیا پاکستان

Prev اخلاقیات فوٹوگرافی
Next دنیا ایک سٹیج ھے 

Comments are closed.