پلستر

پلستر

تحریر محمد اظہر حفیظ

لاہور میں بند پلستر بہت مشہور ہے۔ جسکے لوازمات میں ایک بند، ایک فرائی انڈہ اور ڈھیر سارا نمک شامل ہے چائے کے ساتھ بند پلستر بہت مزہ کرتا ہے۔ جب لاہور میں پیزا اور برگرز کی آمد نہیں ہوئی تھی تو لاہوریوں کی پسندیدہ ترین ڈش اور غذا بند پلستر ہی ہوا کرتی تھی۔

پھر جب ہم نیشنل کالج آف آرٹس گئے تو اکیلے پلستر کا ذکر سننے کو ملا۔

اکثر لڑکوں کو پلستر کہا جاتا تھا۔ جب کسی سے اس لفظ کا مطلب پوچھا تو پتہ چلا کہ جس طرح اینٹ کی دیواروں پر ریت سیمنٹ مکس کرکے لگانے کو پلستر کہتے ہیں جو اینٹوں سے چپک جاتا ہے اسطرح لڑکیوں سے چپک جانے والے لڑکوں کو بھی پلستر ہی کہا جاتا ہے ۔ شاکر علی صاحب جو کہ نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل بھی رہے ہیں انکو اس لفظ سے بہت چڑ تھی جب انھوں نے اپنا گھر گارڈن ٹاون لاہور میں بنایا تواس کی باہر والی اینٹوں پر پلستر نہیں کروایا جسکی سمجھ اس لیے آئی کہ شاید انکی طبعیت پلسترانہ نہیں تھی اب دوسرا مطلب سمجھ آیا کہ یہ دنیا چپک کر رہنے کے قابل نہیں ہے سب یہیں رہ جائے گا اور بندہ اگلے جہان چلا جائے گا اور اب اس گھر کو شاکر علی میوزیم کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

کچھ دھائیاں پہلے بازو سوج گیا تو ڈاکٹر عمران سکندر نے اس پر پلستر کردیا تو ایک اور پلستر کا سامنا ہوا۔ کہ یہ بھی پلستر ہی ہوتا ہے ، ڈاکٹر صاحب کہنے لگے یہ دو ہفتے کا پلستر ہے بازو پر دب آگئی ہے۔ شام کو سوجن ذرا کم ہوئی تو پلستر آٹومیٹک تھا خود ہی اتر گیا تو پتہ چلا کہ کسی کیڑے کے کاٹنے پر سوجن ہوئی تھی ۔ وہ ایکسرے وغیرہ بس فلم ہی تھی ۔ اس لیے ہڈی و جوڑ والے ڈاکٹروں پر سے بھی ایمان ہی اٹھ گیا ۔

علیزے بیٹی چھوٹی تھی تو بیڈ سے چھلانگ لگانے پر پاوں فریکچر ہوگیا اس پر ڈاکٹر صاحب نے پلستر کردیا ۔ جب پلستر کرنے کا عمل مکمل ہوا تو علیزے نے رونا شروع کردیا۔ ہم بار بار پوچھیں بیٹا کیا بات ہے درد ہوتی ہے ۔ پر وہ کچھ نہ بتائے بس روئی جارہی تھی۔ اب اس کو حوصلہ دیں چند ہفتوں کی ہی بات ہے ۔ میری بیٹی رو نہ جب چپ ہوئی تو ہچکی لے کر کہنے لگی میرے اس نئے جوتےکا دوسرا پاوں بھی لا کر دیں مطلب دوسرے پاوں پر بھی پلستر کروا کر ایک جیسا کردیں ۔ پھر ہم سب ہنسنے لگ گئے اور وہ رونے لگ گئی۔

ہمارے مقبول ترین لیڈر نے پہلی بار پاکستان کیلئے ورلڈکپ جیت کر ایک ریکارڈ قائم کیا۔ پھر شوکت خانم ہسپتال بنا کر دوسرا ریکارڈ قائم کیا، پھر 126 دن تک دھرنا دے کر تیسرا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور اب پلستر کی مدت کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔بیچ میں کچھ دن دوسری ٹانگ پر پلستر کروا کرانھوں نے ٹانگیں بیلنس کرنے کی بھی کوشش کی لیکن ریکارڈ ایک ٹانگ سے ہی بنا رہے ہیں۔ شاید آپ کو علم نہیں انکی ٹانگ کا پلستر انکے اپنے ہی بنائے ہوئے 126 دن کے دھرنے کے ریکارڈ کو بریک کرچکا ہے ۔ پر انکی پلسترانہ طبعیت کا انکا ستر سالہ ریکارڈ شاید انکی ٹانگ کا پلستر بھی نہ توڑ سکے۔ کیونکہ ٹانگ کے پلستر کے باوجود انکی پلسترانہ طبعیت ابھی بھی جاری ہے ۔ بے شک آڈیو ریکارڈ چیک کرلیں ویڈیو تک بات نہ ہی جائے تو بہتر ہے کیونکہ صاحب کو ریکارڈ بنانے کا شوق ہے اور کچھ لوگوں کو ریکارڈنگ کا۔

ایک بات ہمیشہ یاد رکھیے گا پلستر کی تو کوئی نہ کوئی معیاد ہوتی ہے پر پلستری گود سے گور تک جاری رہتی ہے۔ ہمارے کئی وزیراعظم اور وزیر پلستری میں بلند ترین عہدوں پر فائز ہیں بس پڑھتے جائیں اور شرماتے جائیں۔ اب تو کچھ محافظ بھی پلستری کی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں ۔ نظر کچھ یوں آرہا ہے کہ شاید پلستری ہماری قومی نصاب میں شامل ہوتی جارہے ہے۔ کیونکہ ہر کوئی اس سبجیکٹ کا سبجیکٹ سپیشلسٹ بنتا جارہا ہے۔ اس کورس میں سب ہی اپنی صفوں کے خود امام ہیں ۔ اہل علم دانش کو چاہیے کہ فوری طور پر سیمنٹ کی قیمتیں زیادہ کردیں تاکہ پلستر کو کم سے کم کیا جا سکے۔

پہلے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں باہر جانے کا راستہ ، سگریٹ نوشی منع ہے کےبورڈ لگے ہوتے تھے اب انکی جگہ پلستری منع ہے کے بورڈز نے لے لی ہے۔ خواتین کو حراساں کرنا ایک جرم ہے، خواتین کو برابر کام کے مواقع مہیا کریں۔ بس یہ بورڈ وزیراعظم ہاوس اور وزیروں کے دفاتر میں نہیں ہوتے باقی ہر جگہ ہوتے ہیں۔

احتیاط کیجئے پلستر بننے سے پرہیز کیجئے ۔ میرے اور آپکے لیے سخت سزائیں تجویز کردی گئی ہیں ۔ اور ہر شعبے میں بڑے عہدوں والے ان سزاوں سے مبرا ہیں۔

پاکستان زندہ باد

Prev تیس سال
Next مہنگائی

Comments are closed.