کاروبار

کاروبار
تحریر محمد اظہر حفیظ

اگر فائدے کا کوئی کاروبار ھے تو پاکستان میں نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے نزدیک پلاٹ لے لیں کیونکہ ھر دوسرا میسج موبائل فون پر اسی کا موصول ھوتا ھے اور اگر آپ کے پاس پلاٹ خریدنے کے پیسے نہیں ھیں تو پھر اپنا ونڈو اے سی بہترین قیمت پر بیچ کر اپنی زندگی بدل لیں یہ دو کاروبار ایسے ھیں جس کی پیشکش سارا دن موبائل فون میسیجز آپ کو کرتے رھتے ھیں۔
موبائل فون سے تنگ آکر آگر ٹیلیویژن کے سامنے بیٹھ جائیں تو زندگی کو ایک ھی مسئلہ درپیش ھے سکری اور خشکی کا۔ اس کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک شیمپو موجود ھے۔ جس سے آپ کے سب مسائل حل ھوجائیں گے فلم میں کام کرنا ھو یا نوکری کا انٹرویو بس شیمپو کیجئے اور لگ جائیے نوکری پر۔ اگر لڑکی والے یا لڑکے والے آپکو دیکھنے آرھے ھیں تو فورا سے پہلے شیمپو کرلیں اگر فرق نہ پڑے تو رنگ گورا کرنے والی کریم لگالیں ھر طرف اجالا ھوجائے گا رشتہ ھو یا نہ ھو۔ اگر بیٹی کی شادی کردی ھے تو اس کو چائے بنانی مت سکھائیں جب اس کی یاد آئے تو اس کے گھر جائیں خود چائے بنائیں تو خوشبو سے ھی سمجھ جائے گی امی آئی ھیں۔ اگر آپکا بیٹا ملک سے باھر پڑھنے جا رھا ھے یا نوکری کرنے اس کو مصالحے ساتھ دے کر بھیجیں تاکہ انکو آپ کی یاد نہ آئے اور اگر آپکا صاحبزادہ غیر ملکی بہو لے آیا ھے تو کوئی بات نہیں شان مصالحے ھیں نا۔ 
آپ کسان ھیں گھر میں کچھ کھانے کو نہیں ھے شوگر مل والے پیسے نہیں دے رھے تو کوئی بات نہیں اینگرو کی کھاد لائیں اور سونا اگائیں پھر کسی کو ادھار پر سونا دے دیجئے۔ اگر سوشل میڈیا نہ ھوتا تو کیا ھوتا۔ عرفان صدیقی صاحب کا کوئی اپنا کریکٹر اور حیثیت نہیں ھے سوشل میڈیا نے انکی ضمانت کروائی۔ ڈالر مہنگا ھونے پر کسی چیز پر کوئی فرق نہیں پڑا سب دوست ٹھیک کہتے ھیں یہ جو گاڑیوں کی قیمتوں میں پانچ پانچ لاکھ کا فرق پڑا ھے یہ سب فیکٹری والوں کی حرامزدگی ھے ورنہ حکومت نے کب کہا ھے کہ قیمتیں بڑھائیں۔ یہ پرانا فارمولہ ھے تھانے والوں کاچور فرار ھوجائے تو اس کے والد کو گرفتار کرلو اسی طرح عرفان صدیقی صاحب گرفتار ھوئے تو کیا ھوا۔
شکرالحمدللہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مجھے تو کوئی فرق نہیں پڑا میری گاڑی پہلے بھی 14 کلومیٹر پر لیٹر کرتی تھی اب بھی ایوریج تو بلکل پرانی والی ھے پتہ نہیں لوگ پاگل ھوگئے ھیں پیٹرول مہنگا تو تب محسوس ھو جب اس کی ایوریج کم ھو۔ ان پڑھ لوگ ویسے ھی احتجاج کرتے جارھے ھیں۔ میں پچھلے کچھ عرصہ سے دودھ ایک سو پچیس روپے لیٹر لے رھا ھوں بہت خوش آئند ھے کہ حکومت نے اس کی قیمت ستر روپے مقرر کردی ھے اور ھم سادہ لوح بیوقوف لوگ ابھی بھی ایک سو پچیس روپے کلو ھی لے رھے ھیں۔ اسلام آباد میں کسی کے بھی گھر ستر روپے دودھ آتا ھو تو ضرور بتائیں۔ اگر وزہراعظم کے گھر بھی دودھ پیسوں کا آتا ھے تو قیمت چیک کرلیں۔ ویسے تو انکا کچن آٹو پر ھے خود ھی چلتا رھتا ھے۔ تہذیب بیکرز راولپنڈی اسلام آباد دوسو ساٹھ روپے میں لسی کا ایک گلاس بیچ رھے ھیں جو تقریبا آدھا کلو کا ھوتا ھے تبدیلی محسوس ھورھی ھے جو دھی ایک سو بیس روپے میں کلو ملتا ھے وہ پانچ سو بیس روپے لسی بنا کر بیچ رھے ھیں ۔ ھے کوئی پوچھنے والا۔ انکی بیکری پر بھی نوازشریف گیا تھا اسی بہانے پوچھ لیں۔
پیٹرول کی قیمتیں تو گورنمنٹ مقرر کرتی ھے کبھی کسی نے پوچھا کہ موبل آئل کی قیمتیں کمپنیاں خود ھی کیسے فکس کر لیتی ھیں ۔ 
کاروبار بند ھورھے ھیں تو ٹیکس دینے والے کیسے بڑھیں گے۔ میں ھمیشہ سے ٹیکس دیتا آرھا ھوں جب میں پینے کیلئے دوسو تیس روپے کے حساب سے بوتلیں خریدتا ھوں اور گھر کے استعمال کے لئے پانی کا ٹینکر خریدتا ھوں بجلی کی کمی پوری کرنے کے لئے یوپی ایس لگاتا ھوں یا پھر سولر سسٹم لگاتا ھوں جرنیٹر لگاتا ھوں تومجھے ٹیکس دینے کا مزا آجاتا ھے۔ میرے کزن سے ڈاکو اسلام آباد ایچ نائن میں 19 جولائی 2019 کو پیسے چھین لیتے ھیں وہ ایف آئی آر درج کروانے جاتا ھے تو آئی نائن پولیس سٹیشن اس سے درخواست لے لیتا ھے پر ایف آئی آر درج نہیں کرتا۔ آج کتنے دن گزر گئے کوئی ایف آئی آر نہیں درج ھوئی اگر میں نے سفارش کروا کر ھی ایف آئی آر درج کروانی ھے تو پھر تبدیلی کیسے محسوس ھوگی۔ سب کچھ ویسے ھی ھے۔ کہیں سے تو تبدیلی شروع کریں۔ وھی ڈاکو وھی پولیس اور وھی انکے ملکر کاروبار۔
میرے وزیراعظم تبدیلی کب آنا شروع ھوگی جو جیل کے اندر ھیں وہ تو پہلے بھی کئی دفعہ جیل جاچکے ھیں اور انکی سزائیں دس سال کیلئے سعودی عرب بیوی بچوں نوکروں سمیت کوئی دیں نہ ایسی سزا مجھے بھی۔ میں بغیر جرم ایسی سزا کیلئے تیار ھوں ۔ جیل بھیجتے ھو تو ایئرکنڈیشنڈ جیل جس کا بل بھی ھم دیتے ھیں۔ یہ کیسی سزائیں ھیں یہ کیسی جیلیں ھیں جہاں پرھیزی نہاری، پرھیزی ھریسہ، پرھیزی پائے کھانے کو ملتے ھیں۔ یہ سزا ھے یا پھر جزا۔ 
مجھے یہ تبدیلی قبول نہیں۔ مجھے اچھا نہیں لگا آپ کے لوگ کیوں گئے ایم کیو ایم کے پاس،آپ کے لوگ کیوں گئے مولانا ڈیزل کے پاس ۔ آپکے لئے سیاست تو عبادت تھی پھر یہ کاروبار کیوں بنتی جارھی ھے۔ ذرا سوچئے

Prev صاحب
Next جینا مرنا مشکل ھے 

Comments are closed.