حساب

حساب
تحریر محمد اظہر حفیظ

جب بھی حساب کا لفظ ذھن میں آتا ھے تو میرے کانوں میں آواز گونجنا شروع ھوجاتی ھے ایک دونی دونی دو دونی چار تین دونی چھ چار دونی آٹھ۔ مجھے ایک سے لیکر 20 تک پہاڑے آج بھی یاد ھیں اور اس میں ڈیڑھ اور ڈھائی کے پہاڑے بھی مجھے آتے ھیں پانچویں تک میں حساب میں پورے نمبر لیتا رھا اور ھر کوئی کہتا تھا کہ اس کا حساب بہت اچھا ھے۔ میں بھی خوش تھا کیونکہ حساب اب آسان ھوچکا تھا۔ پھر شہر آگئے الحمدللہ سکول ھمارا ابھی بھی گاوں والا حساب ھی پڑھاتا تھا۔انگریزی میڈیم سکولوں کے پہاڑے اور حساب سمجھ نہیں آتا تھا ۔ تھوڑے بڑے ھوئے تو پتہ چلا یوم حساب بھی ھوگا۔ تو عرض کیا اگر تو گاوں والے پہاڑے سنے جائیں گے تو کوئی مسئلہ نہیں میں پاس ھوجاوں گا پر اگر انگریزی والے ٹیبل آگئے تو مارے جائیں گے۔ نہیں نہیں وھاں تو عربی میں سوال ھونگے پھر میں نے چھٹی جماعت سے میٹرک تک پانچ سال عربی پڑھی اور اچھی طرح سمجھنے کی کوشش بھی کی اس میں دس تک گنتی بھی یاد کی پر حساب کتاب نہیں سکھایا گیا۔اب کیا کروں، پھر گیارویں جماعت میں کامرس کالج میں داخلہ لے لیا دوسال میں اکانٹنگ میں کریڈٹ اور ڈیبٹ پڑھتا رھا پر سمجھ کچھ نہ آئی۔ سمجھ نہیں آتی تھی کہ نیکیاں ڈیبٹ ھوں گی یا کریڈٹ اور گناہ کس جگہ لکھے جائے گے لائبلیٹیز کیا کیا ھوں گی کیپٹل کیا ھوگا اور بیلنس شیٹ کیسے ٹیلی ھوگی دوسال گزر گئے تو میں نیشنل کالج آف آرٹس چلا گیا۔ وھاں قانون ھی اور تھا ۔ بس ایک ڈر لگا ھوا تھا کہ حساب دینا ھے۔ اس ڈر کی وجہ سے جس سے بھی ادھار لیا یا ذمہ داری لی وقت پر پوری کی۔ کیونکہ مجھے ڈر لگتا ھے کہ یوم حساب پر تو ھر طرح کے سوال ھونگے۔ سنا ھے ادھار کی کوئی معافی نہیں ھے۔ ادا کریں گے تو جنازہ پڑھایا جائے گا۔ کوشش ھے ایسی کوئی ذمہ داری سر پر نہ ھو۔ میری سب سے پیارے اللہ جی سے درخواست ھے مجھ سے میرا ھی حساب لیا جائے شاید کسی اور کے حساب کا میں جواب نہ دے سکوں۔ اور فیل ھوجاوں۔ اللہ جی آپ کو تو پتہ ھے میں سب سے نالائق بندہ ھمیشہ بغیر تیاری کے پاس ھوتا آیا ھوں نہ کبھی تیاری کی اور نہ ھی کبھی نقل کی۔ کیونکہ نقل کے لئے بھی عقل کی ضرورت ھوتی ھے۔ اللہ جی آپ کو تو پتہ ھی ھے۔ میں تو ایک سادہ بیوقوف سا بندہ ھوں۔ امید ھے آپ بھی مجھ سے آسان آسان سوال پوچھیں گے ۔ میری تیاری بس اتنی ھے کہ یوم حساب پر میرے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اس امتی کے سفارشی ھونگے جیسا کہ وہ آپ سے پہلے ھی وعدہ لے چکے ھیں امت کی بخشش کا۔
جیسے جیسے مجھے پتہ چلتا جارھا ھے کہ یوم حساب کیا ھے مجھے سب یاد کیا ھوا بھولتا جارھا ھے۔ پر میں بہت پر امید ھوں کہ میرے اللہ جی میرے اور میرے جیسے سب مسلمانوں کیلئے آسانیاں کریں گے انشاءاللہ۔
میرے اللہ جی میں نے میٹرک میں پڑھا تھا کہ اللہ اس سے پیار کرتے ھیں جو اس کی مخلوق سے پیار کرتا ھے۔ میرے اللہ جی آپکو تو پتہ ھی ھے کہ نفرت میری زندگی میں نہیں ھے۔ بس پیار ھی پیار اور محبت ھے۔
سنا ھے اور پڑھا بھی ھے انسان خطا کا پتلا ھے تو بے شمار خطائیں بھی ھوئیں ھیں امید ھے آپ درگزر فرمائیں گے۔
میرے حساب کے پرچے میں آپ میری مدد فرمائیں گے تو اس گنہگار کا کچھ بنے گا۔ 
میرے اللہ جی آپکو تو پتہ ھی ھے مجھے گرمی بہت لگتی ھے اس لیئے دوزخ سے دور ھی رکھیئے گا۔ میری سب امیدیں اور دعائیں آپ سے ھی ھیں۔ میرے اللہ جی جتنے بھی مسلمان فوت ھوچکے ھیں سب کا حساب آسان کر دیجئے گا آپ کیلئے تو کچھ بھی ممکن ھے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے انکی امت کی شفاعت کا جو وعدہ کیا گیا ھے اس میں ھم سب گنہگار امتیوں کو بھی شامل کر لیجئے گا۔ ھم سے جون کی گرمی برداشت نہیں ھوتی دوزخ کی آگ کیسے برداشت ھوگی معاف کردیجئے اور بخش دیجئے۔ امین
میری چار بیٹیاں ھیں سب دعا مانگ آپ سے لی ھیں۔ تین کی پرورش پر معافی کا وعدہ ھے میں ھمیشہ سے پرچہ پورا ھی ھل کرتا آیا ھوں ۔ چھوڑنے والے سوال بھی ھمیشہ حل کئے ھیں اگر تین کی پرورش میں کہیں کوتاھی ھوجائے تو میری چوتھی کو دیکھ لیجئے گا۔ میری ھر ممکنہ کوشش ھے کہیں بھی انکی پرورش میں کوئی کوتاھی نہ ھو ۔ انکے سب حقوق پورے کروں باقی آپ بہتر جانتے ھیں مجھے بھی میری نیت کو بھی۔ درگزر کر دیجئے سب کیلئے دونوں جہاں آسان کردیجئے امین۔

Prev میرے دوست
Next میرے فوٹوگرافرز

Comments are closed.