تحفہ
تحفہ
تحریر محمد اظہر حفیظ
جس کے پاس جو سب سے قیمتی چیز ہوتی ہے جو اس پر احسان کرتا ہے وہ وہی اس کو پیش کردیتا ہے۔
کل ہی اشفاق احمد صاحب کے حوالے سے ایک قصہ سن رہا تھا سنا پہلے بھی تھا کل مختلف طرح سے سمجھ آیا۔
ایک بزرگ اور انکا چیلا جنگل میں جارہے تھے۔ بزرگوں کو ایک سردی سے بے ہوش سانپ مل گیا انھوں نے اس کو اٹھا کر دھوپ میں رکھا دھوپ کی حدت سے وہ ہوش میں آیا تو اس نے چیلے کو ڈسنے کی کوشش کی وہ ہوشیاری سے بچ گیا اور سانپ جنگل کی طرف چلا گیا ۔ اس نے بزرگوں کی طرف دیکھا اور شکوہ کیا کہ یہ اس نے نیکی کا بدلہ دینے کی کوشش کی ہے۔ ہم نے اسکی جان بچائی اور اس نے ڈسنے کی کوشش کی تو بزرگ مسکرائے اور کہا کہ جس پر بھی احسان کرو گے وہ اپنی قیمتی چیز آپکو تحفہ کے طور پر پیش کرے گا۔ تم بتاو سانپ کے پاس سب سے قیمتی چیز کیا ہوتی ہے ۔ چیلے نے کہا حضرت جی زہر ۔ تو بزرگ گویا ہوئے اس نے وہی قیمتی چیز آپ کو پیش کرنے کی کوشش کی اور آپ نے وصول نہیں کی تو وہ تحفہ ساتھ لیکر چلا گیا
مجھے کئی راز کھلتے چلے گئے اور میرے کئی دکھ جو احباب سے ملے تھے آسانی سے ختم ہوتے چلے گئے اور مسکرانے لگا۔
پہلے بہت سی فلمیں دماغ میں چلتی رہتی تھیں۔ کہ میں نے کیا کیا اور مجھے صلہ کیا ملا ۔ آج احساس ہوا جس جس کے پاس جو قیمتی چیز تھی اس نے وہی تحفتاً پیش کر دیا ۔ میں ویسے ہی اپنا خون جلاتا رہا۔
شکریہ دوستو اپنے قیمتی ترین تحائف مجھے پیش کرنے کا۔ جزاک اللہ خیر
مجھے کچھ لوگوں پر حیرت ہوتی تھی کہ یہ قبروں کو پوجتے ہیں ان سے دعاوں کی قبولیت کی درخواست کرتے ہیں راہنمائی مانگتے ہیں۔ اور سمجھتے ہیں یہ انکی بخشش کا ذریعہ بنیں گے نعوذبااللہ ۔
سجاد نبی بابر بھائی اکثر چیزوں میں راہنمائی فرماتے رہتے ہیں۔ عرض کی بھائی لوگوں کو پتہ کیوں نہیں چلتا کہ. یہ سب غلط ہے۔ انھوں نے بہت خوبصورت بات بیان کی۔ کہنے لگے کیچڑ میں بیٹھے شخص کو کبھی بدبو نہیں آتی اسی لیے وہ اس میں بیٹھا رہتا ہے۔ بہت ساری باتیں سمجھ آگئیں کہ جو کسی برائی میں مبتلا ہوجاتا ہے وہ اس کو برائی نہیں لگتی وہ اس کو انعام سمجھنا شروع کردیتا ہے۔ مجھے میرے اللہ روزانہ نئی چیزیں سمجھاتے ہیں ۔
کچھ دن پہلے پتہ چلا کہ غصہ بذات خود کوئی چیز نہیں ہوتا اسکی کوئی نہ کوئی وجہ ہوتی ہے ۔ اس وجہ کا علاج کرنا چاہیے غصہ خود بخود ختم ہوجائے گا۔
اگر آپ کو کوئی دعا دے تو بدلے میں قیمتی تحفے کے طور پر دعا ہی دیں۔ اگر کوئی خدمت کرے تو تحفے میں خدمت ہی کریں ورنہ جو آپ کے پاس ہوگا وہ تو تحفہ دیکھ کر پتہ چل ہی جائے گا۔ جزاک الله خیر
azhar
July 21, 2023
Blogs
Comments are closed.
Copyright 2020