مشورے
مشورے
تحریر محمد اظہر حفیظ
میں واقعی اپنی بیماری سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ روزانہ کی بنیاد پر ایسے ایسے سیانے مشورے ملتے ہیں کہ بتا نہیں سکتا۔ بیماری کو اس کا متعلقہ ڈاکٹر سمجھتا ہے یا پھر مریض جو اس میں سے گزر رہا ہوتا ہے۔
الحمدللہ میرا حلقہ احباب بہت وسیع ہے اس لئے مشورے بھی بہت وسیع پیمانے پر ملتے ہیں
میں سنتا رہتا ہوں۔
اور مزا لیتا ہوں کیونکہ یہ مشورے کسی پاکستانی پنجابی سٹیج ڈرامے سے کم نہیں ہوتے۔
گوگل نے بہت سی معلومات بہم پہچانے کی ذمہ داری لی ہوئی ہے اور اس کو اگر آپ میں صلاحیت نہیں ہے تو پھر نہ ہی پڑھیں تو بہتر ہے۔
میں بہت مشکور ہوں ان سب دوستوں کا جو میرے لئے دعاگو ہیں اور دعائیں مجھے بھیجتے ہیں۔ مجھے پتہ نہیں کیوں ایسے محسوس ہوتا ہے جیسا کہ اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت تھی تو اللہ باری تعالیٰ نے مجھے اس کام کیلئے چنا اور اس سارے پروسس سے گزار رہے ہیں۔ مختلف دوست فون کرتے ہیں میں زیادہ فون سن نہیں سکتا زیادہ بات کرنے سے کھانسی شروع ہوجاتی ہے۔ اس لئے فون میرا بھائی یا پھر بیوی سن لیتی ہے۔ کوئی پاس نہ ہو تو میں بھی سن لیتا ہوں ۔ اکثر میں اب ان مشوروں سے تنگ آکر فون نہیں سنتا۔
مجھے پھیپھڑوں میں پانی کی وجہ سے کبھی کبھی سانس لینے اور بات کرنے میں دشواری ہوتی ہے، کمزوری بہت زیادہ ہے ۔ اس موقع پر ایک دوست نے تجویز کیا اگر آپ چالیس دن کیلئے تبلیغ پر چلے جائیں اور تبلیغ کے سب ساتھیوں کا کام آپ کریں انکا کھانا بنائیں اور جو پلیٹوں میں کھانا بچ جائے وہ آپ کھائیں انشاء الله جگر ٹرانسپلانٹ کی ضرورت نہیں رہے گی اور آپ بہترین ہوجائیں گے انشاء الله ۔ جی اچھا سے آگے میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ کیونکہ زیادہ بات سے کھانسی شروع ہوجاتی ہے۔
ہمارے ایک دوست کا فون آیا یار تم اگر ایک دن رک جاو تو میں تمھارا علاج کردیتا ہوں یہ سب وہم ہیں۔ نفسیاتی بیماری ہے۔ میں تمھیں ایک دن میں ٹھیک کردوں گا۔
کچھ دوست حکیمی اور ہومیوپیتھک ادویات تجویز کر دیتے ہیں ۔ ایک مستند ادارے کےحکیموں کو اپنی رپورٹس بھیجیں تو انھوں نے لیور ٹرانسپلانٹ ہی بتایا کیونکہ بات زیادہ آگے نکل چکی ہے۔ اس لئے اب کس کا مشورہ کیا سنوں۔
آج ایک باجی کا فون آیا کہ آپ سے ایسے ظلم کی توقع نہیں تھی۔ جو آپ کرنے جارہے ہیں۔ جی میں سمجھا نہیں۔ آپ کیسے باپ ہیں جو بیٹی کا جگر نکلوا کر لگوارہے ہیں اور وہ کیسے جئے گی جگر کے بغیر ۔ جی میں سمجھا نہی۔ دیکھیں جی آپ جب اس کا جگر نکال لیں گے تو وہ کیسے زندہ رہے گی کچھ تو خدا خوفی کریں۔
جی آپ درست فرمارہی ہیں میں بس ایسا ہی ظالم ہوں ۔ لیکن میں نے بیٹی سے ڈونر بننے کیلئے کبھی نہیں کہا یہ اس کی اپنی مرضی ہے۔ ویسے گردے کے ٹرانسپلانٹ میں مکمل گردہ نکالتے ہیں اور جگر کا کچھ حصہ۔ اس سے ڈونر کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا ورنہ میں کبھی بھی ایسا نہ کرنے دیتا ۔ انھوں نے غصے سے فون بند کردیا۔
میں ہسپتال بیڈ پر لیٹا تھا اور ایک فیس بک گروپ کا ایڈمن بار بار مجھے گروپ میں شامل ہونے اور کوئی پوسٹ شیئر کرنے کو کہہ رہا تھا۔ عرض کی بھائی ہسپتال میں ہوں اچھا جب وقت ملے گروپ جوائن کر لینا۔ مجھے سمجھ آنا شروع ہوا کہ یہ پتھر کے خدا اور پتھر کے صنم کیا ہوتے ہیں۔
آج ایک صاحب کا فون آیا جناب نے لگتا ہے اپنی شکل دیکھ لی ہے جو جگر فیل ہوگیا ہے۔ میں بھی پہلی دفعہ ڈر گیا تھا۔ جی الله کے کام ہیں میرے بس میں ہوتا تو آپ جیسی عقل اور شکل الله سے مانگ لیتا۔
ڈاکٹر آئسولیشن کا مشورہ دیتے ہیں اور اٹینڈنٹ کو بھی کرونا ٹیسٹ کے بعد ساتھ رہنے کی اجازت دیتے ہیں ۔
کچھ دوست بضد ہیں کہ دوران ٹرانسپلانٹ وہ میرے ساتھ آپریشن تھیٹر میں ہوں تو بہت سہولت ہو جائے گی۔ وہاں آپ کیا کریں گے جی قریب کھڑے ہوکر دعاکریں گے۔ مہربانوں تہاڈی مہربانی گھر بیٹھ کر میرے لئے دعا کریں۔ ہسپتال آکر اگر آپ میرے اٹینڈنٹ سے بھی ملتے ہیں تو آپ کا معمولی انفیکشن، نزلہ، کھانسی، زکام میرے لئے جان لیوا ہوسکتا ہے ۔ آپ ملنے اور ٹیلی فون کرنے سے گریز کریں۔ میری فیملی ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔ آپ سے ملنا اور فون سننا ان کیلئے ایک اور مصروفیت ہے۔ میں، میری فیملی اور دوست احباب آپ سب کے دلی طور پر مشکور ہیں اور ممنون ہیں اور رہیں گے انشاء الله ۔ تین سے چھ ماہ کی احتیاط ہے پھر ہم سب ساتھ ہوں گے انشاء اللہ
الحمدللہ میں اور میری بیٹی پرسکون ہیں ہمیں کوئی پریشانی یا ذہنی دباو نہیں ہے ۔ سارا دن رات ہنستے کھیلتے ہیں کھانا ساتھ کھاتے ہیں۔ ہم دونوں کافی سے زیادہ اس بیماری کو پڑھ چکے ہیں۔ اس کے فوائد اور نقصان ہمیں ڈاکٹر بتا چکے ہیں۔ آپ بس دعاوں پر توجہ دیجئے دعا کیجئے۔ دوا ڈاکٹر تجویز کردیں گے اور شفاء اللہ باری تعالیٰ عطا فرما دیں گے۔ انشاء الله
ابھی کسی سے بھی ملنا ممکن نہیں ۔ اگر میرے گھر والوں کو کال کریں تو مہربانی فرما کر بات مختصر کریں۔ اس سے آنکی توجہ میری اور میری بیٹی کی طرف سے ھٹ جاتی ہے۔ شکریہ
کوئی بات بری لگے تو بیمار سمجھ کر معاف کر دیجئے۔ جزاک الله خیر
بے شمار محبتوں کیلئے دل کی گہرائیوں سے۔ شکریہ
azhar
January 5, 2022
Blogs
Comments are closed.
Copyright 2020