تبدیلی کے ثمرات

تبدیلی کے ثمرات

تحریر محمد اظہر حفیظ

تبدیلی کے ثمرات آنا شروع ھوگئے ھیں، آزاد جموں کشمیر میں بھی کپتان کی حکمت عملی نے اثر دکھایا ھے اور کپتان کی جماعت نے کلین سویپ کردینا ھے جیسا کہ ھماری کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں کلین سویپ کیا ھے، سارا سوشل میڈیا پیشنگوئیوں سے بھرا پڑا ھے، کپتان کی جماعت کے علاوہ باقی سب جماعتوں کے جلسے کیمرہ ٹرک اور فوٹوشاپ کے زیر اثر ھیں، امید ھے جلد ھی آزاد جموں کشمیر کے باسی بھی تبدیلی کا پھل چکھ رھے ھوں گے، ھمارے دیرینہ دوست مشتاق منہاس بھی ایل اے 15 سے الیکشن لڑ رھے ھیں، لیکن انکی جماعت دوسری ھے انکے جیتنے کی امید تو بہت ھے پر وہ کسی باریک کاروائی کا شکار نہ ھوجائیں، کپتان کی جماعت کے سب ھی جلسے لاکھوں اور کروڑوں کی تعداد پر مشتمل تھے اور باقی جماعتیں دس بارہ بندے بھی جمع نہ کر سکیں، مشتاق منہاس کا کل کا جلسہ تصاویر میں تو باغ کا سب سے بڑا جلسہ نظر آرھا ھے پر ھمارے وزراء کا کہنا ھے چند سو لوگ تھے اور باقی سب فوٹوشاپ تھا، میری بری عادت ھے جب بھی کوئی دوست اعلی عہدے پر آجائے میں ملاقات سے گریز ھی کرتا ھوں، ھماری دوستیاں تو تاحیات ھیں، کچھ دوستوں کا کہنا ھے مشتاق منہاس سے رابطہ نہیں ھوا جب سے وہ وزیر بنا، جب اس کا اظہار محمد اکمل بھائی سے کیا تو کہنے لگے انکے علاقے میں سگنل نہیں آتے اس لئے رابطہ نہیں ھوسکتا، باقی آپ خود سمجھدار ھیں ، تبدیلی الحمدللہ آچکی ھے، ھر طرف درخت ھی درخت ھیں انسان دکھائی نہیں دیتے، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ پاکستان اتنا سرسبز ھوجائے گا، شکر الحمد للہ، میری اپنے کپتان سے درخواست ھے،

کہ فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی اسی طرح بڑھایا جائے خدانخواستہ اگر اربوں درختوں کے جنگل میں آگ لگ گئی تو آگ بجانے والے بھی لاکھوں کی تعداد میں چاہیئے ھونگے، اس لئے سب چیزوں کی تیاری رکھیں، اللہ تعالٰی ھمیں ھر ناگہانی آفت سے محفوظ رکھیں آمین ، جب اپنے اس خدشے کا اظہار دوست احباب سے کیا تو کہنے لگے یہ کونسی پچھلی حکومت ھے جو فائلوں کو آگ لگ جائے گی، عرض کی میں تو اصلی درختوں کی بات کر رھا ھوں تو مسکرادیئے، میری جان درخت فائلوں میں ھی لگائے ھیں، تو تمھارے خیال میں آگ بجھانے والا عملہ اصلی رکھ لیں، اچھا چلو فائلوں میں ھی رکھ لیں، دوسری بڑی تبدیلی پراپرٹی اور تعمیرات کے شعبے میں آئی ھے ھر دوسری کال، دوسرا اشتہار پلاٹ یا فلیٹ کا ھے، اگر آپ قیمت پوچھنے لیں تو آٹو ریپلائی آتا ھے انباکس دیکھیں اور وھاں پر آپ کا واٹس ایپ نمبر مانگا جاتا ھے اب آپ نمبر دے کر مشکل کا شکار ھوگئے، ھر ھاوسنگ سوسائٹی کا میسج آنا شروع ھوجاتا ھے الحمدللہ لوکیشن کوئی بھی ھو پلاٹ، دوکان، فلیٹ سب کی قیمتیں ایک جیسی ھی ھیں، مری، پتریاٹہ، لاھور، گوجرخان، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، ڈی جی خان، فورٹ منرو، کوئٹہ، گوادر حیران کن طور پر سب جگہ قیمتیں ایک جیسی ھی ھیں، یہ اتنی بڑی تبدیلی ھے کہ سارا پاکستان ترقی کررھا ھے، جیسے ھی آزاد جموں کشمیر میں کپتان کی حکومت بنے گی انشاءاللہ منگلا، میرپور، مظفر آباد، نیلم ویلی، لیپہ ویلی، ھر طرف ھاوسنگ کے پراجیکٹ شروع ھوجائیں گے اور امید واثق ھے کہ قیمت بھی یہی ھوگی، پاکستان میں زلزلے والی فالٹ لائن پر واقع ھے ان سب علاقوں میں کثیر منزلہ عمارت تعمیر کرنے کے مشورے کون دے رھا ھے اور اسکی اجازت کون دے رھے ھے، ریسکیو والے اداروں کو کسی بھی ھنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے مشینری کون مہیا کرے گا، کیا یہ چیک کیا جارھا ھے کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی ھنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وسائل بھی ان ھاوسنگ سوسائٹیوں کے پاس ھیں یا پھر صرف سات ھزار سے پندرہ ھزار مربع فٹ کے سستے ترین ریٹ پر تعمیر کرکے وہ نجات حاصل کرلیں گے، تبدیلی تو اچھی ھوتی ھے، اور اب اس کے بہترین ثمرات بھی آنا شروع ھوگئے ھیں پہلے گھر کو سودا سلف جو ساڑھے بارہ ھزار کا آتا تھا اب پچیس ھزار سے تجاوز کرگیا ھے، دودھ، بجلی، گیس، پانی کے بل اس کے علاوہ ھیں ابھی بچوں کی فیس کا تو ذکر ھی نہیں ھے، بیمار ھم ھوتے نہیں ھیں سفر ھم بیٹری والی کار استعمال کرتے ھیں، خرچہ تو کوئی نہیں ھے، بس اگر کوئی ھم سے بھی زیادہ سفید پوش دوست مجبورا کچھ مدد مانگ لے تو شرم سے آنکھیں بھیگ جاتی ھیں، اور پوچھ لے کیا ھوا بھائی، تو کہہ دیتے ھیں بس جی تبدیلی کے ثمرات ھیں شکر کے آنسو نکل آئے، شکریہ میرے کپتان اللہ تعالٰی آپ کی حکومت تاحیات رکھے آمین، میری دعا ھے کہ آپ کی حکومت پاکستان ، آزاد جموں کشمیر اور افغانستان میں بھی بن جائے، شکر الحمدللہ میرا کپتان تقریر بہت اچھی کرتا ھے، بغیر پڑھے کرتا ھے، سمارٹ ھے صادق اور امین ھے، اس نے آج تک کوئی چوری یا فراڈ نہیں کیا، الحمدللہ

بس ٹیم کھیل رھی ھے اس کے ذمہ دار ھم سب ھیں،

Prev فراڈ
Next نہ کر

Comments are closed.