فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی

فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی
تحریر محمد اظہر حفیظ
مجھے اس بحث میں نہیں پڑنا کہ فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی حرام ھے یا حلال ۔ پر ویڈیو بیان کے ذریعے تو کم از کم اس کو برا مت کہیں۔ جس جگہ تصویر انکے کام آجائے اس کی اجازت ھے جہاں اس کی انکو ضرورت نہ ھو حرام ھے۔ ایک دفعہ بیٹھ کر اس کو طے کر لیں ۔ یہ حرام ھے یا حلال ھے۔ کرنسی سے شروع کرتے ھیں۔ تصویر والے پیسے کا استعمال ترک کردیں، اس پیسے سے حج، عمرہ، مساجد کی تعمیر، تنخواھیں، فیس، علاج، گھر کی تعمیر، کھانا پینا سب بند کردیں، بغیر تصویر پاسپورٹ اور ویزے کا اجراء شروع کیا جائے، اب جو بھی نیا گھر ، زمین کی رجسٹری ھوگی اس پر سے تصویر ھٹا دی جائے، شناختی کارڈ بغیر تصویر کے ھونے چاھیئں، تمام چینلز بند کر دیئے جائیں، کیونکہ پچیس یا تیس تصویروں سے ھی ایک سیکنڈ کی ویڈیو بنتی ھے۔ ویڈیو/فوٹو والے موبائل بند کر دیں، کیمروں پر پابندی ھو۔ علماء پاس سمارٹ فون کا کیا کام، حج، عمرہ، زیارات کا ٹی وی چینلز پر اجراء، خطبہ لائیو ٹیلی کاسٹ، سب جگہوں کی نگرانی کیمرہ سے ، سب بند کردو۔ یہ سیف سیٹی سب حرام ھے۔ یہ عالم آن لائن، قطب آن لائن سب بند ھونے چاھیں ۔ اخبار و رسائل بغیر تصویر کے ھوں، ھم نے ھمیشہ کم علمی سے ٹیکنالوجی کو جھٹلایا اور بہت بھگتا۔ میرا کوئی لینا دینا نہیں ھے فوٹوگرافی سے یا ویڈیو گرافی سے، بس پوچھنا یہ ھے یہ کیوں حرام ھے۔ جب نیتوں کا حال اللہ جانتے ھیں تو دوستو جو عبادت یا پوجنے کی غرض سے تصویر یا ویڈیو بنائے، پینٹنگ بنائے، مجسمہ بنائے سب حرام ھے لیکن جب نیت ایسی نہ ھو تو پھر حرام کیوں۔ ھر دینی مسئلے کو اپنی ضرورت کے مطابق ھرگز استعمال مت کریں۔ دین کو آسان رھنے دیں۔ فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی آپ کو گھر بیٹھے دکھا رھی ھے کہ پھول کیسے ھیں، درخت کیسے ھیں، سمندر کیسے ھیں، چرند پرند کیسے ھیں، صحرا کیسے ھیں، فضا کیسی ھے، بادل کیسے ھیں، چاند سورج کیسے ھیں، زمین و آسمان کیسے ھیں، ستارے کیسے ھیں کہکشاں کیسی ھیں، انسان کیسے ھیں، لباس کیسے ھیں، مساجد کیسی ھیں، کلیساء کیسے ھیں، مندر کیسے ھیں، کھنڈر کیسے ھیں، محل کیسے ھیں، امیر کیسے ھیں غریب کیسے ھیں، بیمار کیسے ھیں صحتمند کیسے ھیں، ضرورتمند کیسے ھیں، سخی کیسے ھیں، کنجوس کیسے ھیں، روزے کیسے ھیں، عید کیسی ھے، آزادی کیسی ھے، پابندی کیسی ھے، جہاد کیسا ھے، عذاب کیسا ھے، سیلاب کیسا ھے ، زلزلہ کیسا ھے، وائرس کیسا ھے، علاج کیسا ھے، الٹراساونڈ کیسی ھے، سی ٹی سکین کیسی ھے، ایکسرے کیسا ھے، موت کیسی ھے، زندگی کیسی ھے ، باغ کیسے ھیں، بہار کیسی ھے، خزاں کیسی ھے، سردی کیسی ھے، گرمی کیسی ھے، دین کیسا ھے، علم کیسا ھے، مکہ کیسا ھے مدینہ کیسا ھے، ممبر کیسا ھے ، صف کیسی ھے، جائے نماز کیسی ھے، گاڑی کیسی ھے، جہاز کیسا ھے، سائیکل کیسی ھے، موٹر سائیکل کیسی ھے، ٹرین کیسی ھے، جھولاکیسا ھے، درھم کیسا ھے، ریال کیسا ھے، روپیہ کیسا ھے، ڈالر کیسا ھے، یورو کیسا ھے، پونڈ کیسا ھے، یہ سب دیکھ لگتا تو ھے فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی حرام ھے، ڈسکوری یا اینمل پلینٹ جیسا کوئی ایک تحقیقاتی اسلامی یا غیر اسلامی چینل کیا ھمارے علماء لا سکے، اگر جواب نفی میں ھے تو پھر یہ حرام ھی ھے، جب میرے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ھیں کی آج دین مکمل ھوگیا تو یقینا ھوگیا اس میں کوئی شک شبہ نہیں۔ آئیں اس سے آگے چلتے ھیں تحقیق کرتے ھیں، میرے اللہ نے کیا کیا بنایا کیا ھمیں پتہ ھے اور کس چیز کی پتہ کرنے کی ضروت ھے، ھم نے دین اسلام کو کیسے بچانا ھے اور پھیلانا ھے، جو مسلمان ھیں وہ بہتر مسلمان کیسے بنیں، جو غیر مسلم ھیں انکو کیسے مسلمان بنایا جائے۔ ھم عمل سے کیسے ثابت کریں کہ ھم مسلمان ھیں۔ ھمیں آپ کی سب باتیں فتوے قبول ھیں بغیر تصویر سمجھا دیں یہ ریڈ سیلز، وائٹ سیلز ، ایٹم، مچھلی، پرندے، درندے، پانی، آگ، خوراک، درخت، جنگل، سفری ذرائع، بحری، ھوائی، چاند ، سوج، ستارے ، سیارے، کیسے ھیں۔ چلیں یہ بتا دیں آپ کی اپنی شکل کیسی ھے، آپکی بیٹی، بیٹا، بیوی، ماں، باپ، گھر، گلی محلہ، شہر، پارک، ملک کیسا ھے۔کے ٹو کیسا ھے، ماونٹ ایورسٹ کیسا ھے، سینٹورس کیسا ھے، مینار پاکستان کیسا ھے، فیصل مسجد کیسی ھے، بادشاھی مسجد کیسی ھے، شاھجہاں مسجد کیسی ھے، کچھ تو سمجھائیں، دنیا گوگل ارتھ پر آپ کو بذریعہ تصویر پوری دنیا دکھارھی ھے ایک ایک انچ اور آپ کیا فتوے دے رھے ھیں، دنیا سکائی میپ پر ستارے دکھارھی ھے گوگل میپ پر زمینی راستے بتا رھی ھے اور ھم کہتے ھیں یہ سب حرام ھے۔ نئے علوم کو ماننا سیکھیں، علم حاصل کریں، فتوی دینے سے پہلے اس چیز کے بارے میں ضرور پڑھیں۔ دین اسلام ھر وقت کیلئے ایک مکمل دین ھے اس کو اللہ کے واسطے محدود مت کیجئے، اس کو آسان رھنے دیجئے، مشکل مت بنائے، کچھ تو سمجھائے۔

Prev مارچ دوھزار بیس
Next خیال کیجئے

Comments are closed.