میرے پیارے اللہ جی

میرے پیارے اللہ جی
اسلام وعلیکم 
میں خیریت سے ھوں جیسا کہ آپ کو سب پتہ ھی ھے اور آپ سے مستقبل میں بھی خیریت ھی کی درخواست ھے۔
آج آپ کی بہت یاد آرھی ھے ویسے تو آپ ھمیشہ ھی یاد اور ساتھ ساتھ رھتے ھیں 
اور دنیا آخرت زمین وآسماں سب آپ کے ھی ھیں اور آپ کے ھی تابع ھیں۔
اور یہ بندہ ناچیز بھی باغی ھرگز نہیں ھے آپ کے علاوہ کسی کو سجدہ نہیں کرتا۔ 
آپکے آگے روتا ھے اور ھنستا ھے آپ کے انبیاء کو مانتا ھے آپکی کتابوں کو پڑھتا ھے اور عاجز ھے
پیارے اللہ جی کچھ چیزیں میری سمجھ سے بالاتر ھیں اور میں ان کو سمجھنے کی کوشش بھی نہیں کرتا کہ کہیں گمراہ نہ ھو جاوں تیرے علاوہ نہ کسی سے ڈرتا ھوں نہ کبھی ڈرا اور نہ ھی کبھی ڈروں گا۔ جیسا کہ آپ جانتے ھیں یہ ھرگز بھی تکبر کی نشانی نہیں اور تیرا یہ بندہ
تیرے شکر گزار بندوں میں سے ھے الحمداللہ ۔
پیارے اللہ جی آپ کا شکریہ کہ آپ نے مجھے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا کیا جو میرے اختیار میں ھرگز نہیں تھا مجھے ایک فوٹوگرافر بنایا وسائل دیئے کہ گواہ بن جاوں تیری نعمتوں کا اور ساری دنیا کو دکھاوں کہ تیری دنیا کتنی خوبصورت ھے میں اپنی اس ڈیوٹی پر بھی خوش ھوں الحمداللہ ۔
آپ نے مجھے بہترین والدین دیئے انھوں نے پھولوں کی طرح میری پرورش کی اور جب میں انکی خدمت کے قابل ھوا تو وہ چل دیئے اس پر بھی آپکا شکریہ کہ جو وقت انکے ساتھ گزرا وہ بہترین تھا الحمدللہ بے شک یہ دنیا جنت نہیں ھے اچھا کیا انکو جنت میں لے گیا اب وہ بہتر زندگی میں ھیں اس کیلئے بھی آپکا شکر گزار ھوں۔ اللہ جی شکریہ بہترین بہن بھائی دینے کا اور انکی زندگی آسان بنانے کا اور آسان رکھنے کا ۔اللہ جی آپ کو تو یاد ھوگا آپ سے نیک اور صالح بیوی اوراولاد کی دعا کی تھی پوری کرنے کا شکریہ اللہ جی آپ سے ھمیشہ بیٹیوں کی درخواست کی شکر الحمداللہ آپ نے چارعطا کیں چاروں صحت مند اور اطاعت گزار اللہ جی آپ کا شکریہ آپ نے بہترین دوستوں سے نوازا ان پر جب بھی تکلیف آئی میں نے آپ سے شکوہ کیا آپ نے کبھی برا نہیں منایا اور ان کیلئے آسانیاں کر دی اشفاق بھائی کی وفات آصف شاہ جی کی بیماری شاھد خورشید کی وفات تیمور کی جوانی میں وفات رضا قادری کے بچوں کی وفات کچھ ایسے واقعات تھے جن پر آپ سے شکوہ بھی کیا اور لڑائی بھی۔ لیکن آپ تو میرے دل کا حال اور نیت جانتے ھیں۔ آپ سے ھمیشہ رو رو کر دعا کی یااللہ جی مجھے یا تو اتنے وسائل دے دیں کہ سب کے کام آسکوں یا پھر مجھے ایسی چیزیں نہ دکھایا کریں کہ جن کے میں کام نہ آسکوں اور بے بسی میں روتا رھوں پر میں آپکا ھر حالت میں شکر گزار ھوں سب چیزوں سے سبق سیکھا اور زندگی بہتر ھوتی چلی گئی جس جس چیز سے آپ نے مجھے روکا میں رکتا چلا گیا اور جہاں جہاں گنجائش دی اپناتا چلا گا آپ نے زندگی میں مجھ پر ھمیشہ کرم کیا اس کیلئے بھی شکریہ۔ میں جن چیزوں کے قابل نہ تھا آپ نے قابل بنایا اور مجھ ناچیز کو عزت دی آپکا شکریہ اللہ جی ۔ مجھے آپ سے کوئی شکایت نہیں۔ آپ سب اچھا ھی کرتے ھیں۔ پاکستان میں زلزلہ آیا بہت سے لوگ مر گئے مجھے آپ نے زندہ رکھا آپ کا شکریہ مجھے ھلاک کر دیتے تو بھی میں عاجز تھا آپکا شکریہ ادا کرتا آپ نے مجھ پر کرم کیا اور ھمیشہ اپنی مخلوق کے شر سے محفوظ رکھا مجھے تو کبھی شیطان سے بھی ڈر نہیں لگا جس کے دل میں آپکا ڈر ھو وہ کسی سے کیا ڈرے۔میرے دل میں آپنا ڈر ڈالنے کا بھی شکریہ اور آپنے علاوہ کسی سے نہ ڈرنے والا بنانے کا بھی شکریہ
پیارے اللہ جی میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم جس کیلئے جو خیالات رکھتے ھو اس کو بتادو سوچا سب سے پہلے کیوں نہ آپکو خط لکھوں اوربتاوں۔پیارے اللہ جی آپ نے ھمیشہ میری بات مانی میرا مان رکھا شکریہ مجھے یاد ھے 1991 جب ابا جی کو ایک انجیکشن آئی وی وی ایکسرے کیلئے لگا اور اسکا غلط اثر ھوگیا اور ابا جی بے ھوش ھوگئے ڈاکٹر فورا اباجی کو لیکر حیدر کلینک ایمبیسی روڈ اسلام آباد چلا گیا بھائی ڈاکٹر ساتھ تھا میں اپنی گاڑی میں میری سپیڈ 120 تھی لیکن ڈاکٹر مجھ سے پہلے پہنچ کر ابا جی کو ڈرپ لگا چکا تھا مجھے کہنے لگا ان کا سارا سسٹم بند ھوگیا ھے بخار 105 ھے صرف دل چل رھا ھے جس کو بھی یہ انجیکشن غلط لگا اس کی موت واقع ھوجاتی ھے یہ لاکھ میں ایک مریض ساتھ ھوتا ھے اپنے گھر انکی فوتگی کی اطلاع کردیں اب کچھ نہیں ھو سکتا میں نے عرض کیا ڈاکٹر صاحب پانچ منٹ مجھے دے دیں اپ ابھی رکیں جلدی مت کریں اور میں حیدر کلینک کے باھر فٹ پاتھ پر بیٹھا رویا اور درخواست کی یا باری تعالی تیری چیز ھے مجھے کوئی اعتراض نہیں بس ایک کام ھے جو انکے بغیر بہت مشکل ھے میرے لیے بہن کی شادی والے دن رخصتی میری اتنی ھمت اور حوصلہ نہیں اگر بہن کی شادی کے بعد لے جاو تو میرا وعدہ رووں گا بھی نہیں اور میں نے آنسو صاف کیئے اور اندر آیا ڈاکٹر پورچ میں ھی کھڑا تھا ڈاکٹر صاحب آئیں ابا جی کو چیک کریں بیٹا میں آپکے جزبات کو سمجھتا ھوں پر معجزے نہیں ھوتے جی میری درخواست ھے ڈاکٹر اندر داخل ھوا تو ابا جی اٹھ کر بیٹھے ھوئے تھے سارا بستر گیلا تھا نرس سر انکو بہت پسینہ آیا اور اٹھ کر بیٹھ گئے بخار بھی اتر گیا ھے ۔پیارے اللہ جی آپکو یاد ھوگا ڈاکٹر نے مجھے کندھے سے پکڑ کر پوچھا تھا کیا کیا اور کہاں گئے تھے تو میں نے روتے ھوئے کہا تھا باھر فٹ پاتھ پر جو یتیموں کا ٹھکانہ ھے اور دعا کی مجھے ابھی انکی ضرورت ھے واپس کردے تو اس نے کردیا ڈاکٹر نے مجھے گلے لگایا اور کہا یہ پہلی دفعہ ھوا ھے شکریہ اللہ جی اور آپ کو یاد ھوگا جب وہ 2015 میں فوت ھوئے حسب وعدہ میں نہیں رویا۔ میں بہت کمزور دل انسان ھوں پر کسی کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا پر آپ کا شکریہ آپ نے مجھے ھمیشہ حوصلہ دیا جب امی جان کا انتقال ھوا 2011 گیارہ میں اور میرے بچے امی جی پاس تھے میری ھمت نہیں تھی پر اپ نے حوصلہ دیا اور میں نے بھائی کو فون کیا یار امی جی فوت ھوگئی ھیں تم گھر آجاو اور باجی کو فون کیا باجی امی فوت ھوگئی ھیں آپ آجائیں اتنا حوصلہ دینے کا بھی شکریہ 
پر جس دن محترم فخر حمید صاحب اور انکی اھلیہ کا ایک ساتھ جنازہ اٹھا اس دن میرے حوصلے جواب دے گئے خوب رویا۔ اچھا کیا آپ نے ان دونوں کو اپنے پاس بلا لیا ورنہ پتہ نہیں وقت کے فرعون کیا کیا کرتے۔ اللہ جی جب سب نے ھی مر جانا ھے تو یہ فرعونیت کس بات کی ۔ 
جب آپ کے علاوہ کسی کی حکومت نہیں رھنی تو پھر یہ حکومت حاصل کرنے کیلئے عزتیں اچھالنا بے عزت کرنا اچھے کو برا برے کو اچھا کہنا کیا ھے سب کو ھدایت دے امن قائم کردیں سکون کردیں متحد کردے ھمیں گمراھی سے بچائیں جو فوت ھوگئے انکو بخش دیں جو حیات ھیں انکو ھدایت دیں امین میری بھی وھی دعا ھے جو ھمیشہ میری امی جان کرتی تھیں یااللہ اپنے علاوہ کسی کا محتاج نہ کرنا۔اولاد کے دکھ سے بچانا۔عزت کی زندگی دینا۔ چلتے پاوں اپنے پاس بلانا ایمان پر موت ھو مرتے وقت کلمہ نصیب ھو۔ امین۔ اللہ جی ایک دفعہ پھر آپکا شکریہ۔
آپکا عاجز شکر گزار بندہ
محمد اظہر حفیظ

Prev میری امی جان
Next میرے قائد اعظم محمد علی جناح صاحب

Comments are closed.