حسنین ملک
حسنین ملک
تحریر محمد اظہر حفیظ
پاکستان ٹیلیویژن کارپوریشن میں بیس سال سے زیادہ ھوگئے، بہت سارے پروڈیوسرز کے ساتھ کام کیا، پہلی دوستی، محبت سید شاکر عزیر صاحب تھے، جن سے روز کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کو ملتا، اور وہ بھی ھمیشہ شفقت سے پیش آتے وہ پروگرام مینیجر تھے اور انکی ٹیم تھی ۔ ان کے اسٹنٹ حسنین ملک تھے۔ بہت ھی محنتی اور وضع دار انسان تھے، سید شاکر عزیر صاحب سے تو بہت ھی احترام کا رشتہ ھے پہلے دن سے ھی۔ اخبار کے دنوں سے ھی انکے گھر جاتے تھے، ھمیشہ شفقت سے پیش آتے تھے،حسنین ملک انکا بہت لاڈلا اور محنتی شاگرد تھا، ڈرامے کو سہی معنوں میں شاکر صاحب سے حسنین ملک صاحب نے سیکھا، بچوں کے بہت سے کھیل اور ڈرامے کئے کچھ ھم نے مل کر بھی ایڈیٹ کئے، سین کو سمجھنا اور میوزیکل نوٹ پر بنانا بغیر ڈائیلاگ کے۔ حسنین بھائی کے بقول انھوں نے شاکر صاحب سے ھی سیکھا تھا،
میں نے پہلی ڈاکومنٹری فلم بنانے ک سوچا اور ایمز انٹرنیشنل سکول اور مرجان پبلک سکول پر ڈاکومنٹری بنانا شروع کردی، یہ میرا اپنا پہلا پروجیکٹ تھا غالبا سن دوھزار کی بات ھے، سکرپٹ لکھوا کر اس کو شوٹ شروع کردی کیمرہ مین انیس تھا سامان میڈیا ویژن نسیم چغتائی صاحب سے لیا اور فلم شوٹ کرلی اب مجھے فلم جوڑنی نہیں آتی تھی سب شوٹ مکمل تھی۔ پر ان کو ایڈیٹ کیسے کرنا ھے کچھ پتہ نہ تھا، حسنین بھائی سے بات ھوئی، یار بڑی پریشانی بن گئی ھے کہنے لگے آپکا بھائی کس دن کام آئے گا،اور مسکرانے لگے، اگلے دن شکیل ایڈیٹر تھا میڈیا ویژن میں اور حسنین ملک بھائی اور میں نے ایڈیٹنگ شروع کردی، ٹائیٹل کے شارٹ نکال لو، آواز کس کی کروانی ھے، بھائی کوئی پتہ نہیں، کسی کو فون کیا میڈیا ویژن آجاو ابھی ۔ کون ھے ملک صاحب، یار اپنا کھنہ، مجھے سمجھ کچھ نہ آئی تھوڑی دیر میں یونس سہیل آگیا بہت اچھا دوست اور اداکار ھے جگر کدھر یار حسنین نے بلایا اے، اچھا جناب کھنہ صاحب نے۔ اس دن پتہ چلا کہ یونس سہیل بہت اچھا صداکار بھی ھے، کمال آڈیو کی، بہت ھی شاندار آواز ھے ماشاءاللہ، اب میوزک، سین،آواز پر لگنا شروع ھوئے اور یوں میری پہلی فلم مکمل ھوگئی، حسنین بھائی اچھے پیسے بچ گئے ھیں حکم کریں اتنا کام آپ نے ساتھ کروایا ھے۔ اظہر بھائی ایسی بات آپ کو نہیں کرنی چاھیئے تھی، بھائی بھی کہتے ھیں اور غلط بات بھی کرتے ھیں ایک جھپی ھوئی اور دوستی مزید پختہ ھوتی چلی گئی، ھم ھر بات میں مشورہ کرتے تھے، لوکیشن، سکرپٹ، ڈرامہ ایڈیٹنگ، میوزک اور جب بھی میرا ھاتھ تنگ ھوتا تو خود ھی کہہ دیتے یار یہ اسی ھزار فالتو پڑے ھیں جب ھاوس ریکوزیشن کا چیک ملے گا دے دینا، اور مسکرا دیتے یار اپنے بھائی کے ھوتے تنگ نہ ھوا کر، ھم ھمیشہ رابطے میں رھتے، یار اسد عباس کی شادی ھے شببر عباس کی شادی ھے ، جھنگ میں جھگڑا ھوگیا، مکان بدلنا ھے، گاڑی لینی ھے، آپکا بھائی پروڈیوسر ھوگیا ھے، مٹھائی کھائیں، حسنین ملک کی بیس سال سے زیادہ کی محنت کوشش میرے سامنے تھے، اظہر بھائی اچھی خبر ھے جی بھائی اپنا گھر لے لیا ھے، ماشاءاللہ ۔
اظہر بھائی گھر آئیں ایک مسئلہ ھوگیا ھے جی آیا یار یہ کرائے دار کرایہ بھی نہیں دیتا اور گھر بھی خالی نہیں کرتا، حسنین بھائی ایک مکمل شریف انسان تھے، میں گیا کرایہ دار سے بات کی بقایا کرایہ وہ ھمارے گھر آکر دے گیا، وہ حسنین بھائی کو دیا اور کہا اب ان پیسوں سے کیس کرلیں کرایہ دار پر چند دنوں بعد گھر خالی ھوگیا اور باجی اوپر آکر رھنے لگیں۔ اب سب بھائی امی ابو ساتھ رھتے تھے سب خوش تھے والد صاحب بہت خوش تھے کہ گھر کے سامنے مسجد ھے بہت آسانی ھے، دوھزار گیارہ میں مجھے اپنی نئی گاڑی دکھانے آئے آپ کے بھائی نے زیرو میٹر ھونڈا سٹی لی ھے بہت خوشی ھوئی، ایک دن کہنے لگے ماشاءاللہ آج شببر عباس نے بھی گاڑی لے لی ھے، ھر خوشی غمی مجھ سے شیئر کرتے تھے، پھر ڈپٹی کنٹرولر ھو کر حسنین بھائی پی ٹی وی اکیڈیمی آگئے بہت سارے کورس کرائے مجھے بھی بلالیتے۔ بھائی کیمرہ کی نئی ٹیکنیک پر لیکچر دے دیں، ڈارون، اوسمو، ڈی ایس ایل آر یہ سب سکھائیں پی ٹی وی کے ساتھیوں کو میں بھی فورا پہنچ جاتا، نئے سال کے کیلینڈر دینے گیا تو کہنے لگے یار کچھ اور دے جاو پتہ چلے سب کو میرے بھائی کے کیلینڈر ھیں ، جی حاضر، بھائی میں نے اتنے کورس ڈیزائن کردیئے ھیں کہ اگلے دو سال تک یہاں آنے والوں کو کام نہیں کرنا پڑے گا، ماشاءاللہ۔
کچھ دن پہلے میرے پاس آئے پی ٹی وی ھیڈکوارٹرز۔ بھائی چائے یا قہوہ یار ابھی اظہر بھائی پیا ھے آپ سے بس ملنا تھا یہ میری اور حسنین ملک کی آخری ملاقات تھی، اگلے دن فون آگیا بھائی میں ناراض ھوں نہ میرا بھائی کی ھوگیا میں پروگرام مینجر ھوگیا ٹیلی سکول چیننل کا آپ نے مبارک باد بھی نہ دی، سوری بھائی مجھے پتہ ھی نہیں چلا، بہت مبارک ھو، معافی چاھتا ھوں۔ اچھا مذاق کر رھا تھا ھم کیسے ناراض ھوسکتے ھیں، یار وہ گرافکس تو بھجوادیں نئے چیننل کے۔ جی دیکھتا ھوں۔ مجھے جمعہ کو ملک خالد لطیف کا میسج آیا یار حسنین ملک کی اینجیئوگرافی ھے پمز میں ھے، میں نے فورا شببر عباس کوفون کیا فون بند تھا، حسنین بھائی کے فون پر کال کیا تو شببر اسلام علیکم اظہر جی بیٹا بھائی کی طبعیت کیسی ھے جی تین والو بند ھیں اوپن ھارٹ سرجری کا کہہ رھے ھیں اچھا یہاں سے کب ڈسچارج ھونگے پیر کو انشاءاللہ، اچھا بھائی جی راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی یا اے ایف آئی سی سے آپریشن کروائیں گے ، جی بھائی، پیر کو صبح دیر سے اٹھا میری کچھ طبعیت خراب تھی دفتر پہنچا تو یاد آیا حسنین بھائی ساتھ ھسپتال جانا تھا، عاطف گیلانی صاحب کا دو بج کر دو منٹ پر فون آیا، جی عاطف صاحب ملک صاحب انتقال کرگئے ھیں ۔ مجھے یقین نہیں آیا، پھر خالد لطیف کا میسج آگیا، حسنین ملک چلاگیا، بس کچھ دیر روتا رھا، ظفر صاحب کو فون کیا کہنے لگا یار ایک وجے گل ھوئی اے چیک کرتا ھوں پھر فون آگیا جی وہ پمز سے فارغ ھوکر اے ایف آئی سی گیا چیک اپ کرانے واپس گھر آکر نہایا ھے اور ھارٹ اٹیک ھوگیا، پمز ایمرجنسی گئے لیکن فوت ھوچکے تھے، مجھے کوئی دو گھنٹے لگ گئے سنبھلنے میں، میسج آیا جنازہ شاہ جیونہ میں ھوگا، میں بھاگا انکے گھر پہنچا تالا لگا ھوا تھا پتہ چلا کافی دیر ھوگئی گئے ھوئے، شاید میری ھمت بھی نہیں تھی کہ اس کو میت کی شکل میں دیکھ سکتا، اور صحت بھی نہیں ھے کہ پیچے شاہ جیونہ چلا جاوں، ماں باپ کا انتہائی فرمابردار بیٹا تھا، اللہ نے اولاد کی نعمت سے محروم رکھا۔ ھمیشہ کہتا بھائی دعا کریں اللہ کرم کردیں، بھائیوں کے بچوں کو سکول لانے لیجانے کی ذمہ داری، بہن بھائیوں کو سیٹ کرنے کے فرائض سب اس نے بہت احسن طریقے سے انجام دیے، دونوں میاں بیوی بھی بہت حسن سلوک سے رھتے تھے، کوئی اس کو نقصان بھی پہنچاتا تو وہ ناراض نہیں ھوتا تھا۔ بس مسکراتا رھتا تھا، میں کافی دیر سڑکوں پر گھومتا رھا، نعتیں سنتا رھا۔ جنید جمشیدصاحب مرحوم پڑھ رھے تھے، “جگہ جی لگانے کی یہ دنیا نہیں ھے”
اور پتہ نہیں کسی کوبھی یہ بات سمجھ کیوں نہیں آرھی ھے۔ اللہ تعالی حسنین ملک بھائی کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کریں آمین ، لواحقین کو صبر جمیل عطا کریں ۔ امین
azhar
April 21, 2020
Blogs
Comments are closed.
Copyright 2020